مظفرآباد(کشمیر ڈیجیٹل )آزادکشمیر میں تمام سیاسی جماعتیں پاکستانی کی سیاسی جماعتوں کی برانچز کے طور پر کام کررہی ہیں۔آزاد کشمیر کی تمام سیاسی جماعتیں اس وقت حکومت کا حصہ ہیں اور اپنے اپنے مفادات بھی اٹھارہے ہیں ان خیالات کا اظہارمرکزی رہنما جماعت اسلامی راجہ آفتاب نے کشمیر ڈیجیٹل کے پروگرام میں سید عارف بہارسے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
جماعت اسلامی حقیقی اپوزیشن کررہی ہے،حکومتی حصہ بننے والی جماعتوں کے پاس کوئی عوامی ایجنڈا نہیں ،راجہ آفتاب
مرکزی رہنما جماعت اسلامی راجہ آفتاب احمد کاکہنا تھا کہ جو جماعتیں حکومت کا حصہ ہیں وہ اپوزیشن کیسے کرسکتی ہیں ایک طرف حکومت سے مفادات بھی حاصل کرتے رہیں اور دوسری طرف عوام میں جاکر یہ کہیں کہ ہمارے ایم ایل ایز توحکومت کا حصہ ہیں مگر جماعت اپوزیشن میں ہے تو یہ مضحکہ خیز باتیں عوام کو دھوکہ دینے کے علاوہ کچھ نہیں ۔ آزادکشمیر میں حقیقی اپوزیشن جماعت اسلامی ہی ہے ۔حکومتی حصہ بننے والی جماعتوں کے پاس کوئی عوامی ایجنڈا نہیں لیکن وہ عوامی حلقوں میں جا کر یہ بات کہتی ہیں کہ ہم اپوزیشن میں ہیں، حکومت سے ہمارا کوئی تعلق نہیں، جبکہ تمام قانون سازی میں وہ حکومت کو ووٹ کرتی ہیں۔
راجہ آفتاب احمد کا کہنا ہے کہ سابق امیر جماعت اسلامی عبدالرشید ترابی جب اسمبلی میں آئے تو معلوم ہوا کہ ایم ایل اے کے بھی فنڈز ہوتےہیں ۔ اور ایم ایل ایز عوام میں جاکر کہتے ہیں کہ ہمیں تو ویسے فنڈز نہیں ملتے جس سے حلقے کی ترقی کیلئے کوئی کام کرسکیں ۔ کیونکہ ہم تو حکومت کا حصہ ضرور ہیں لیکن جماعت اپوزیشن میں ہے اور اپوزیشن کو فنڈز کم دیئے جاتے ہیں ،حالانکہ یہ سب اپنے مفادات پورے کرلیتے ہیں اور عوام کوزبانی خرچ پر دھوکہ دے رہے ہوتے ہیں۔
اب عوام کے پاس جماعت اسلامی کے علاوہ کوئی آپشن نہیں ،اور عوام جماعت اسلامی کی طرف دیکھ رہی ہے ۔آزادکشمیر میں جس طرح عبوری حکومت بنی یہ کسی سے ڈھکی چھپی بات نہیں ہے کہ کس طرح یہ لوگ چور دروازےسے اقتدار میں آئے ۔آزادکشمیر میں اقدار کی سیاست کو بڑا دھچکا لگا۔لوگوں کا سیاسی جماعتوں سے اعتبار بھی اٹھ چکا ہے۔
جماعت اسلامی آزاد کشمیر میں اپنے’’منشور‘‘اور اپنے امیدواروں کیساتھ انتخابی دنگل میں اترے گی
مرکزی رہنما جماعت اسلامی راجہ آفتاب کا کہنا تھا کہ آزاد کشمیر کا پورا سیاسی نظام اس وقت’’ہچکولے‘‘ کھا رہا ہے! سیاستدانوں کو چاہیے کہ وہ عوام کا اعتماد دوبارہ بحال کریں۔عوام جماعت اسلامی کی خدمات کو سراہتی ہے ،جماعت اسلامی آزاد کشمیر میں اپنے’’منشور‘‘اور اپنے امیدواروں کیساتھ انتخابی دنگل میں اترے گی۔
آزادکشمیر ٹاسک فورس کا اہم اجلاس ، موسمیاتی تبدیلی سے متعلق ایکسپرٹ گروپ قائم کرنے کافیصلہ