آرمی چیف کا بیان بھارتی تسلط کیخلاف برسرپیکار کشمیریوں کیلئے حوصلہ افزا قرار

سرینگر: کل جماعتی حریت کانفرنس نے کشمیر کے بارے میں پاک فوج کے سربراہ جنرل سید عاصم منیر کے حالیہ بیان کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے بھارتی تسلط کیخلاف برسرپیکار کشمیریوں کیلئے انتہائی حوصلہ افزا قرار دیا ہے۔

کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان عبدالرشید منہاس ایڈووکیٹ نے ایک بیان میں کہا کہ جنرل سید عاصم منیر نے گزشتہ سات دہائیوں سے زائد عرصے سے وحشیانہ بھارتی مطالم کا شکار کشمیریوں کے احساسات و جذبات کی بھر پور ترجمانی کی ۔

انہوں نے کہا کہ بھارت نے جموں و کشمیر کے ایک بڑے حصے پر کشمیریوں کی مرضی کے خلاف تسلط جما رکھا ہے اور وہ انکی آزادی کی آواز کو طاقت کے بل پر دبانے کی پالیسی پر مسلسل عمل پیرا ہے۔

ترجمان نے کہا کہ بھارت نے 1947سے اب تک 5 لاکھ کے قریب کشمیری شہید جبکہ ہزاروں لاپتہ کر دئیے ہیں، جموں وکشمیر کی خصوصی حیثیت چھیننے کا بی جے پی حکومت کا واحد مقصد جموںوکشمیرکا مسلم تشخص اور شناخت مٹانا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان تنازعہ کشمیر کا ایک اہم فریق ہے جو کشمیریوں کے حق خودارایت کی بھر پور وکالت اور ترجمانی کر رہا ہے ۔کشمیری پاک فوج کو اپنا محافظ سمجھتے ہیں، مملکت خداداد میں شامل ہونا کشمیریوں کا ایک دیرینہ خواب ہے جو ایک دن ضرور پورا ہوگا۔

ادھر کل جماعتی حریت کانفرنس کی اکائی ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی کے ترجمان ایڈووکیٹ ارشد اقبال نے بھی پاک فوج کے سربراہ کے بیان کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ اس سے حق خودارادیت کیلئے مصروف جدوجہد کشمیریوں کے حوصلے بلند ہوئے ہیں۔

یاد رہے کہ جنرل سید عاصم منیر نے اسلام آباد میں اوورسیز پاکستانیوں کے کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کشمیریوں کے حق خودارادیت کی بھر پور حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ دنیا کی کوئی طاقت کشمیر کو پاکستان سے الگ نہیں کرسکتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں : کشمیر پاکستان کی شہ رگ تھا، ہے اور ہمیشہ رہے گا، چیف آف آرمی اسٹاف جنرل عاصم منیر

Scroll to Top