ریڈ فاؤنڈیشن ہٹیاں بالا میں روبوٹکس کی پہلی نمائش ،طلبہ کے جدید پراجیکٹس نے شرکاء کو حیران کر دیا

ہٹیاں بالا :ریڈ فاؤنڈیشن اسکول و کالج ہٹیاں بالا میں پہلی بار روبوٹکس کی جدید نمائش کا انعقاد کیا گیا، جس میں بوائز اور گرلز کیمپس کے طلبہ و طالبات نے منفرد اور تخلیقی روبوٹس پیش کر کے شرکاء کو حیرت میں ڈال دیا۔

نمائش میں طلبہ و طالبات کی جانب سے مشینری، صفائی کرنے والے روبوٹس، سولر آٹو بوٹ سسٹم، ٹریفک لائن کنٹرول سسٹم، سیکیورٹی الارم، آٹومیٹک ٹول گیٹ اور گائیڈ روبوٹس جیسے جدید پراجیکٹس پیش کیے گئے، جو مصنوعی ذہانت کی بنیاد پر خود تیار کیے گئے تھے۔

تقریب کے مہمانانِ خصوصی میں ڈپٹی کمشنر جہلم ویلی اشفاق گیلانی، چیئرمین ضلع کونسل طیب کیانی، ایس پی مرزا زاہد حسین، ممبر ضلع کونسل آصف اقبال مغل، جنرل منیجر ریڈ فاؤنڈیشن سید خالد حسین کاظمی، حمید اللہ کھوکھر، پرنسپل گرلز کیمپس عقیل ظفر اور پرنسپل بوائز کیمپس یاسر جنید مرزا شامل تھے۔ والدین، اساتذہ، علاقائی نمائندگان اور دیگر معززین کی بھی بڑی تعداد موجود تھی۔

چیئرمین ضلع کونسل طیب کیانی نے اپنے خطاب میں کہا کہ ایسی نمائشیں طلبہ کی تخلیقی صلاحیتوں کو ابھارتی ہیں اور ان میں خوداعتمادی پیدا کرتی ہیں۔ ڈپٹی کمشنر اشفاق گیلانی نے طلبہ کی محنت کو سراہتے ہوئے کہا کہ اگر نوجوانوں کو جدید وسائل اور رہنمائی میسر ہو تو وہ عالمی سطح پر ملک کا نام روشن کر سکتے ہیں۔

نمائش کے انعقاد کا مقصد طلبہ کو سائنسی میدان میں عملی تجربہ فراہم کرنا اور جدید ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ کرنا تھا۔ ریڈ فاؤنڈیشن کے جنرل منیجر سید خالد حسین کاظمی نے کہا کہ ہٹیاں بالا جیسے دور افتادہ علاقے میں طالبات کی جانب سے اس نوعیت کے سائنسی و تکنیکی پراجیکٹس کا پیش کیا جانا اس بات کا ثبوت ہے کہ ہمارے نوجوان ہر میدان میں کسی سے پیچھے نہیں۔

مقررین کا کہنا تھا کہ روبوٹکس اور آرٹیفیشل انٹیلیجنس کی تعلیم نوجوان نسل کو تحقیق، اختراع اور عالمی مقابلوں میں شرکت کے قابل بناتی ہے، جو نہ صرف تعلیمی میدان میں ایک سنگ میل ہے بلکہ علاقے کی ترقی اور علم پر مبنی معیشت کی جانب بھی ایک اہم قدم ہے۔

والدین، اساتذہ اور علاقہ مکینوں نے ریڈ فاؤنڈیشن کی اس کاوش کو سراہتے ہوئے کہا کہ ادارہ تعلیم و تربیت کے فروغ اور جدید علوم کے میدان میں نمایاں کردار ادا کر رہا ہے۔ ریڈ فاؤنڈیشن اسکول و کالج ہٹیاں بالا کی یہ کامیابی پورے خطے کے لیے باعثِ فخر قرار دی جا رہی ہے۔

Scroll to Top