تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال سماہنی میں آپریشن تھیٹر فعال، پہلا آپریشن کامیابی سے مکمل

سماہنی:امجد خورشید شہید تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال سماہنی میں بالآخر آپریشن تھیٹر کو فعال کر دیا گیا ہے۔

ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر ارم بتول اور میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر عمیر فاضل نے آپریشن تھیٹر کا افتتاح باقاعدہ فیتہ کاٹ کر کیا۔ آپریشن تھیٹر کوبے ہوشی کے ڈاکٹر کی تعیناتی کے بعد مکمل طور پر فعال کر دیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ اس سے قبل گائنی، چائلڈ، سرجن اور میڈیکل سپیشلسٹ کی تعیناتیاں ہو چکی تھیں، جبکہ آج بروز سوموار آپریشن تھیٹر میں پہلا آپریشن کامیابی سے کیا گیا۔

اس موقع پر ڈی ایچ او ڈاکٹر ارم بتول نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ حکومتی ہنگامی اقدامات کی وجہ سے سپیشلسٹ ڈاکٹرز کی تعیناتی پر عملدرآمد ہو ا، جبکہ اب آپریشن تھیٹر مکمل طور پرفعال ہو چکاہے جس پر عوام حلقہ سماہنی اور ٹی ایچ کیو ہسپتال سماہنی کا سٹاف مبارکباد کا مستحق ہے ۔

انہوں نے کہا کہ نوتعینات سرجن ڈاکٹر کے حاضر ہونے تک پہلے سے منسلک ڈاکٹر مزمل حسین کو یہاں سے برنالہ منسلک کئے جانے کے عمل کو روکے جانے کی کوشش کی جائے گی تا کہ یہاں آپریشن تھیٹر دوبارہ غیر فعال نہ ہو جائے جبکہ مزید درکار مشینری و آلات کے لئے اقدامات جاری ہیں۔

Scroll to Top