باغ شہر کے ایک نجی تعلیمی ادارے میں آج ایک خوبصورت تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں بچوں نے فلسطینی عوام سے اظہارِ یکجہتی کیا۔
ننھے منے طلبہ نے ہاتھوں میں فلسطین کے حق میں پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر محبت، امن اور بھائی چارے کے پیغامات درج تھے۔ تقریب کا مقصد مظلوم فلسطینی عوام کے ساتھ ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کرنا تھا۔ بچوں کے چہروں پر سنجیدگی اور دلوں میں جذبۂ انسانیت نمایاں تھا۔ انہوں نے نہ صرف اسرائیلی مظالم کی مذمت کی بلکہ دنیا بھر کے لوگوں کو امن، بھائی چارے اور انصاف کے لیے آواز بلند کرنے کا پیغام بھی دیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی میئر میونسپل کارپوریشن باغ، سید افراز گردیزی نے کہا کہ “فلسطین کے معصوم بچوں پر ہونے والے مظالم ہر درد مند دل کو تڑپا دیتے ہیں۔ آج باغ کے بچوں نے جو محبت بھرا پیغام دیا ہے، یہ بہت بڑی کاوش ہے۔”
تقریب کا اختتام دعاؤں اور امیدوں کے ساتھ ہوا کہ دنیا ایک دن ضرور امن کا گہوارہ بنے گی، جہاں ہر بچہ، چاہے وہ فلسطین کا ہو یا پاکستان کا، سکون اور خوشی سے جی سکے۔