نیلم ( کشمیر ڈیجیٹل )وادی نیلم کے ضلعی ہیڈکوارٹر اٹھمقام سے ملحقہ گا ئوں کراشی کے عوام اور محکمہ تجدید جنگلات میں لڑی بہک کے قریب کلوزر نصب کرنے کے معاملے میں تنازعہ کھڑا ہوگیا ۔
مہتمم جنگلات تجدیدنیلم ڈویژن کی جانب سے عوامی وفد کے ساتھ نازیبا گفتگو ،پرچہ دینے کی دھمکی ،عوام کا شدید رد عمل ۔
تفصیلات کے مطابق کراشی گائوںکے عوام اور محکمہ تجدید جنگلات میں کلوزر نصب کرنے کا تنازع شدت اختیار کرگیاہے۔
عوام علاقہ نےکشمیرڈیجیٹل کو اپنے تحفظات سے آگاہ کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ محکمہ تجدید جنگلات کو لڑی بہک میں کسی صورت کلوزر نصب کرنے کی اجازت نہیں دیں گے ۔
عوام علاقہ کا موقف تھا کہ ہماری جو بہکیں ہیں ہمارے آبائو اجداد سالوں سے ان بہکوں میں آباد ہیں ،محکمہ تجدید جنگلات بہکوں سے ملحقہ ایریا میں ری فاریسٹریشن کرنا چاہ رہا ہے۔
اگر ری فاریسٹریشن ہوجاتی ہے تو ہمارے جو مکانات ہیں جن میں ہم سیزن میں آکر رہائش پذیر ہوتے ان کے گرد گھیرا تنگ کیا جارہاہے۔
عوام علاقہ کا مزید کہنا تھا کہ اس سے ملحقہ جو رقبہ ہے ہم نے اپنی ملکیتی زمینوں پر کلوزر نصب کروائے ہیں لیکن ابھی محکمہ ذاتی دشمنی پر اتر آیا ہے اور ہمارے گرد گھیرا تنگ کرنا چارہا ہے۔
یہ خبر بھی پڑھیں ۔تائو بٹ، ٹمبر مافیا سرگرم، جنگلات کا بے دریغ کٹاو جاری ، عوامی حلقے سراپا احتجاج
ہم کسی صورت نہیں چاہتے کہ ہماری چادر اور چار دیوار ی کا تقدس پامال ہو، ڈوگرا دور حکومت میں ہمیں ان بہکوں کے حقوق دئیے گئے ،ہم سالوں سے یہاں پر آباد ہیں ۔
لوگوں کا کہنا تھا کہ کچھ بھی ہوجائے ہم کسی صورت محکمہ تجدید جنگلات کو کلوزر نصب کرنے کی اجازت نہیں دیں گے ۔
ہم سالوں سے یہا ں پر اپنے مویشیوں کے ہمراہ دو تین ماہ کیلئے بہکوں میں آتے ہیں اگر محکمہ تجدید جنگلات ری فاریسٹریشن کردے تو ہمارے لئے مسائل ہوں گے ۔
محکمہ تجدید جنگلات کوچاہیے کہ اس سے ملحقہ اور بہت سارے رقبے ہیںو ہاں پر ری فاریسٹریشن کرے ہمارے گرد گھیرا تنگ نہ کیا جائے ۔
عوام علاقہ کا مزید کہنا تھا کہ ہم مہتمم کے پاس گئے تو ہمارے ساتھ ہتک آمیز رویہ اختیار کیا گیا اور مقدمہ درج کرنے کی دھمکی دی گئی ،جوکسی صورت قابل قبول نہیں ہے ۔
عوام نے وزیر حکومت میاں وحید سے مطالبہ کیا ہے کہ معاملے کے حل کے لئے اقدامات کئے جائیں ۔