مظفرآباد :غزہ میں جاری اسرائیلی جارحیت اور فلسطینیوں پر ڈھائے جانے والے مظالم کے خلاف آزاد کشمیر بھر کے وکلاء سڑکوں پر نکل آئے۔ دارالحکومت مظفرآباد سمیت مختلف اضلاع میں وکلاء نے احتجاجی مارچ اور جلسے منعقد کیے۔
غزہ میں محصور انسانیت کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کے لیے آزاد کشمیر بھر کے وکلاء سڑکوں پر نکل آئے۔ دارالحکومت مظفرآباد میں سینٹرل بار کے ممبران نے مرکزی شاہراہ پر مارچ کیا۔مارچ کے شرکاء آزادی چوک پہنچے، جہاں مظاہرہ جلسے کی شکل اختیار کر گیا۔ مقررین نے خطاب کرتے ہوئے عالمی اداروں سے مطالبہ کیا کہ وہ اسرائیل کے ہاتھوں فلسطینیوں کا قتل عام روکے۔
مقررین کا کہنا تھا کہ غزہ میں فلسطینی شہری بدترین ریاستی تشدد کا شکار ہیں، جس پر عالمی برادری کو فوری اور مؤثر ردعمل دینا چاہیے۔ انہوں نے زور دیا کہ اقوامِ عالم مذہب کی عینک اتار کر فلسطینیوں پر ہونے والے مظالم کو انسانی مسئلہ سمجھتے ہوئے اسرائیل کو روکے۔
مقررین نے کہا کہ اسرائیلی وزیر اعظم اور ان کے حمایتی غزہ میں سنگین جنگی جرائم کے مرتکب ہو رہے ہیں۔ سینٹرل بار ایسوسی ایشن کی جانب سے آزادی چوک میں فلسطین کے مظلوم مسلمانوں کے حق میں احتجاج کیا گیا۔
ادھر وادیِ نیلم کے ضلعی ہیڈکوارٹر اٹھمقام میں ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن نیلم نے آزاد کشمیر بار کونسل کی ہدایت پر فلسطینی عوام پر اسرائیلی مظالم کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔
وکلاء نے اسرائیل کے خلاف ہاتھوں میں پلے کارڈز اور کتبے اٹھا رکھے تھے جن پر “الجہاد الجہاد” اور دیگر احتجاجی نعرے درج تھے۔ وکلاء نے اسرائیل کے خلاف شدید نعرہ بازی بھی کی۔