چیتے کا حملہ، مکنیٹ میں خوف کی فضا ، عوام نے فوری کارروائی کامطالبہ کر دیا

جہلم ویلی کے نواحی علاقے مکنیٹ میں چیتے کے حملے سے خوف و ہراس کی فضا قائم ہو گئی۔ ایک کم سن بچے پر حملے کی کوشش اُس وقت ناکام ہوئی جب مقامی افراد کے شور شرابے کے باعث چیتا فرار ہو گیا، تاہم واقعے نے علاقے کے باسیوں کو شدید خوفزدہ کر دیا ہے۔

مقامی ذرائع کے مطابق یہ چیتا گزشتہ چند دنوں سے علاقے میں سرگرم ہے اور اب تک دو بکریوں اور دو پالتو کتوں کو ہلاک کر چکا ہے۔ مسلسل حملوں کے باعث مکنیٹ کے رہائشی سخت پریشان ہیں اور اپنی جان و مال کو خطرے میں محسوس کر رہے ہیں۔

ایک مقامی شہری نے بتایا، “چیتے کی موجودگی سے پورا علاقہ خوف میں مبتلا ہے، خصوصاً بچے گھروں سے نکلنے سے ڈرتے ہیں۔ ہم حکام سے اپیل کرتے ہیں کہ فوری طور پر اس چیتے کو قابو میں لایا جائے یا جنگل کی طرف منتقل کیا جائے۔”

یہ بھی پڑھیں: آزاد کشمیر میں سیاسی قیادت کی حکمت عملی پر سوالات، سابق چیف جسٹس آزاد کشمیر

علاقہ مکینوں نے ڈپٹی کمشنر جہلم ویلی اور وائلڈ لائف ڈیپارٹمنٹ سے فوری نوٹس لینے اور مؤثر کارروائی کا مطالبہ کیا ہے تاکہ کسی جانی نقصان سے بچا جا سکے۔ عوام کا کہنا ہے کہ اگر فوری اقدامات نہ کیے گئے تو چیتے کی موجودگی انسانی جانوں کے لیے بھی خطرہ بن سکتی ہے۔

Scroll to Top