چکوٹھی میں زیتون کی شجرکاری: طلبہ اور اساتذہ کا فعال کردار، محکمہ زراعت کا تعاون حاصل

آزاد کشمیر میں زیتون کے پانچ لاکھ درخت لگانے کی مہم شروع کر دی گئی ہے۔ اس سلسلے میں تعلیمی اداروں میں طلبہ، طالبات اور اساتذہ کو زیتون کی کاشت کے بارے میں تربیت دی جا رہی ہے۔

محکمہ زراعت کی ناظم توسیع آمنہ رفیع نے سرحدی قصبہ چکوٹھی کے دو تعلیمی اداروں میں زیتون کی کاشت کے لیے تربیتی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ زیتون کے فروغ سے کسانوں کو کروڑوں روپے کی آمدن حاصل ہوگی۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت آزاد کشمیر کسانوں کی آمدن میں اضافے کے لیے زیتون کے پودے چوتھائی قیمت پر فراہم کر رہی ہے تاکہ اس منصوبے سے زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھایا جا سکے۔

تقریب سے ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر عبدالغفور عباسی، ڈپٹی ڈائریکٹر سید مرتضی گیلانی، پرنسپل کپٹن سرور شہید سکول چکوٹھی راجہ عبد القیوم، قاری عبد الرحیم، چیف آرگنائزر پاکستان زندہ باد بیسک نیڈ آرگنائزر صاصم بشیر مغل نے شجرکاری کی اہمیت اور زیتون کی افادیت پر روشنی ڈالی۔

تقریب کے اختتام پر سکول کے طلبہ، اساتذہ اور محکمہ زراعت کے حکام نے سکول کے احاطے میں زیتون کے پودے لگائے۔ اس دوران گرلز ہائی سکول چکوٹھی میں بھی زیتون کی شجرکاری کی ایک تقریب منعقد کی گئی جس میں طالبات نے بھرپور حصہ لیا۔

Scroll to Top