مظفرآباد ( 9 اپریل 2025):آزاد کشمیر میں موسم نے ایک بار پھر انگڑائی لی ہے جہاں کئی علاقوں میں ہلکی بارش اور پہاڑوں پر ہلکی برفباری کا سلسلہ جاری ہے۔ وادی نیلم، باغ، ہٹیاں بالا اور راولاکوٹ کے بالائی علاقوں میں برفباری جبکہ زیریں علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ ان بدلتے موسمی حالات کے باعث خطے میں سردی میں واضح اضافہ دیکھا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات پاکستان کے مطابق آئندہ 24 سے 48 گھنٹوں کے دوران مزید بارش اور پہاڑی علاقوں میں ہلکی سے معتدل برفباری کا امکان ہے۔ چونکہ یخ بستہ ہواؤں نے فضاء کو مزید سرد بنا دیا ہے اس لیے شہریوں سے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ علاوہ ازیں ضلعی انتظامیہ نے بھی سیاحوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ برفباری کے متوقع علاقوں کا سفر نہ کریں تاکہ کسی ممکنہ حادثے سے بچا جا سکے۔
وادی نیلم میں موسم نہ صرف ٹھنڈا ہو چکا ہے بلکہ برفباری اور بارش نے وہاں کے نظاروں کو دلکش بھی بنا دیا ہے۔ تاہم مقامی افراد کا کہنا ہے کہ چند روز قبل موسم نسبتاً معتدل تھا مگر حالیہ بارش ،سرد ہواؤں اور برفباری نے سردی میں غیرمعمولی اضافہ کر دیا ہے۔
راولاکوٹ اور باغ میں بھی مطلع ابر آلود رہا جہاں درجہ حرارت میں کمی ریکارڈ کی گئی۔ ان علاقوں میں دن کے اوقات میں بھی ٹھنڈ محسوس کی جا رہی ہے جبکہ رات کے وقت سردی کی شدت مزید بڑھنے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ ادھر کوٹلی اور میرپور جیسے میدانی اضلاع میں بھی بادلوں کی موجودگی اور ہواؤں نے موسم کو خوشگوار ضرور بنا دیا ہے۔
مظفرآباد میں بھی آج گہرے بادلوں نے سورج کو چھپا رکھا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق یہاں بعض مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے، جبکہ درجہ حرارت زیادہ سے زیادہ 25 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے۔ عوام کو مشورہ دیا گیا ہے کہ غیر ضروری طور پر پہاڑی علاقوں کا سفر نہ کریں۔
دوسری جانب ملک کے دیگر حصوں میں بھی موسم نے مختلف روپ دھارے ہوئے ہیں۔گزشتہ رات اسلام آباد میں بھی بعض مقامات پر بارش اور اولے پڑنے کی اطلاع ہے جبکہ سارا دن مطلع ابر آلود رہا ، آج درجہ حرارت 33 ڈگری سینٹی گریڈ تک ریکارڈ کیا گیاہے۔ لاہور میں گرمی کی شدت برقرار رہی اور درجہ حرارت 34 ڈگری تک جا پہنچا ہے۔ کراچی میں درجہ حرارت 35 ڈگری سینٹی گریڈ کے قریب رہا۔ اسی طرح پشاور، کوئٹہ اور دیگر شہروں میں بھی موسم خشک اور گرم رہا۔
واضح رہے کہ محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری کردہ الرٹ میں کہا گیا ہے کہ پہاڑی علاقوں میں بارش اور برفباری کے باعث لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ موجود ہے، لہٰذا شہری اور سیاح سفر سے قبل موسم کی صورتحال سے مکمل باخبر رہیں اور حفاظتی اقدامات ضرور اپنائیں۔ دوسری جانب ملک بھر میں اس سال بارشیں کم ہونے کی وجہ سے اپریل سے ہی ہیٹ ویوز کی پیش گوئی کی گئی ہے۔