راولاکوٹ: آزادکشمیر کے بلدیاتی نمائندگان نےحکومت کو بجٹ فراہمی کیلئے 20اپریل کی ڈیڈلائن دیدی، بجٹ فراہم نہ کئے جانے پر اجلاس بلا کر حتمی تحریک کااعلان کیا جائیگا۔
تفصیلات کے مطابق آزادکشمیر کے بلدیاتی نمائندگان کی رابطہ کمیٹی کا اجلاس راولاکوٹ میں ہوا جس میں حکومت سے مذاکرات پرپیشرفت ،ہائیکورٹ کے فیصلے کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
رابطہ کمیٹی کے اجلاس کے بعد فوکل پرسن وچیئرمین ضلع کونسل پونچھ سردار جاوید شریف ایڈووکیٹ نے کہا کہ اجلاس میں حکومت سے مذاکرات پر پیشرفت پر تمام بلدیاتی نمائندگان کی رابطہ کمیٹی نے بحث کے بعد فیصلے کئے۔
یہ بھی پڑھیں: حکومت بلدیاتی نمائندوں کیساتھ معاہدہ کرکے توہین عدالت سے بچنا چاہتی ہے، غلام اللہ اعوان
انہوں نے کہا کہ بلدیاتی نمائندگان عدالت عالیہ کے فیصلے کے مطابق ایکٹ1990کیساتھ کھڑے ہیں، ہمیں گرانٹ ان ایڈ کی صورت میں فنڈز کسی صورت قبول نہیں ہے فوری طور پر نارمل میزانیہ یعنی بجٹ کی صورت میں فوری جاری کیا جائے بصورت دیگر بلدیاتی نمائندگان 20اپریل کو دوبارہ رابطہ کمیٹی کا اجلاس بلا کر حتمی تحریک کا اعلان کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ چیف الیکشن کمشنرکا فوری تقرر، خالی نشستوں پر انتخابات کرائے جائیں، بلدیاتی اختیارات کی منتقلی، اداروں کی مضبوطی کیلئے ہماری تحریک جاری رہے گی۔اجلاس میں بلدیاتی نمائندگان نے فوکل پرسن پر مکمل اعتماد کا اظہارکیا۔
یہ بھی پڑھیں: مظفر آبادکے نوجوان، بلدیاتی نمائندگان کیپیٹل ڈویلپمنٹ پیکج کی بحالی کیلئے کردار ادا کریں،زاہدامین
اجلاس میں غزہ پر اسرائیلی مظالم کی مذمت کی گئی اور حکمرانوں نے مطالبہ کیا گیا کہ وہ فلسطینی مسلمانوں کیساتھ کھڑے ہوں، فلسطینی مسلمانوں پر اسرائیلی مظالم پر مسلم حکمرانوں کی خاموشی پر تحفظات کا بھی اظہار کیا گیا
سردار جاوید شریف نے کہا کہ پیادہ اورسیکرٹریز کی اسامیوں کیلئے بجٹ مختص کیا جائےاور آئندہ بجٹ2025-26میں بلدیاتی اداروں کا بجٹ نہ بڑھایا گیا تو سخت ردعمل دینگے۔اجلاس میں ایل سی اے کے قیام کی باقاعدہ منظوری دی گئی۔