مظفرآباد:ڈپٹی کمشنر مظفرآباد نے ناقص انٹرنیٹ سروس کی فراہمی پر پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی ( پی ٹی اے) کو مراسلہ تحریر کرتے ہوئے فور جی سروس کی فراہمی کے حوالہ سے رپورٹ طلب کر لی۔
تفصیلات کے مطابق ریاستی دارالحکومت میں موبائل کمپنیوں کی ناقص سروسز کی شکایات پر ڈپٹی کمشنر مظفر آباد نے پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی کے حکام سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔
شہری نے درخواست میں موقف اپنایا ہے کہ موبائل کمپنیاں فورجی کے نام پر پیکیجز کے چارجز وصول کررہی ہیں لیکن سروسز 2 جی فراہم کی جا رہی ہیںلہذاکمپنیوں کیخلاف کارروائی کے رپورٹ ارسال کی جائے۔
یہ بھی پڑھیں: آزادکشمیر ،موبائل کمپنیوں کی ناقص انٹرنیٹ وکال سروسز پر پی ٹی اے حکام وفاقی محتسب طلب
شہری نے چیف سیکرٹری آزادکشمیر اور کمشنر مظفر آباد کو کارروائی کیلئے درخواست دی تھی جس پر ڈپٹی کمشنر کو کارروائی کیلئے لکھا گیا ہے۔
یاد رہے کہ آزادکشمیر کے دارالحکومت مظفر آباد سمیت نواحی علاقوں میں موبائل کمپنیوں کی انٹرنیٹ سروسز انتہائی ناقص ہے جس پر کئی بار احتجاج بھی کیا جا چکا ہے اور وفاقی محتسب کو بھی درخواستیں دی گئی ہے۔
وفاقی محتسب کے ریجنل دفتر نے بھی پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (PTA) کے حکام سے جواب طلب کررکھا ہے۔