چوہدری انوار الحق کی قیادت میں ریاست کی تعمیر و ترقی کیلئے کوشاں ہیں، چوہدری ارشد، چوہدری یاسر سلطان

میرپور( کشمیر ڈیجیٹل )وزیر توانائی آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر چوہدری ارشد حسین اور وزیر ہاؤسنگ وفزیکل پلاننگ چوہدری یاسر سلطان نے کہا ہے کہ حکومت آزاد کشمیر صدر ریاست بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کی سرپرستی اور وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انوار الحق کی قیادت میں ریاست کی تعمیر و ترقی اور خوشحالی کے لیے ہمہ وقت مصروف عمل ہے۔

صحت، تعلیم میں سہولیات اور روزگار کی فراہمی کے لیے کام کر رہے ہیں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے ممبر ضلع کونسل ضلع میرپور چوہدری وقاص علی آف ترپا کے نئے گھر افسر فارم ہاؤس کی افتتاحی دعائیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

وزراء حکومت نے ممبر ضلع کونسل چوہدری وقاص علی آف ترپا کو نئے گھر کی تعمیر پر مبارکباد پیش کی اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ ہمار ا ملک قدرتی وسائل سے مالا مال ہے، محنت ولگن سے بہترین مقام حاصل کیا جاسکتا ہے۔

ہمیں مل کر ریاست کی تعمیر و ترقی اور خوشحالی کے لیے کام کرنا ہے، وزراء حکومت نے کہا کہ آزاد کشمیر چونکہ تحریک آزادی کشمیر کا بیس کیمپ ہے لہذا ہمیں ریاست کی ترقی کے ساتھ ساتھ مقبوضہ کشمیر کے بھائیوں کی آزادی کے لیے جدوجہد بھی کرنی ہے۔

یہ خبر بھی پڑھیں ۔تعمیر وترقی پر سمجھوتہ نہیں ہوگا،آزاد کشمیرسے کرپشن کا خاتمہ کرینگے،چوہدری ارشد

حکومت صدر ریاست بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کی سرپرستی اور وزیراعظم چوہدری انوار الحق کی قیادت میں تحریک آزادی کشمیر کو دنیا بھر میں اجاگر کر رہی ہے۔

صدر ریاست نے صحت کی خرابی کے باوجود برطانیہ، امریکہ اور دیگر یورپی ممالک کا دورہ کر کے اور اقوام متحدہ میں احتجاج کرکے یہ دنیا کو یہ واضح پیغام دیا ہے کہ مسئلہ کشمیر کو حل کیے بغیر خطہ میں قیام امن ممکن نہیں ہے۔

اس موقع پر فرزند کشمیر چوہدری صہیب ارشد،چیئرمین ضلع کونسل راجہ نوید اختر گوگا، میئر بلدیہ عثمان علی خالد،ممبران ضلع کونسل، چیئرمین زکوٰۃ کمیٹی چوہدری سلیم اختر، ڈپٹی کمشنر میرپور یاسر ریاض، ایس ایس پی میرپور خاور علی شوکت، سیاسی وسماجی شخصیات کے علاوہ عوام علاقہ کی کثیر تعداد موجود تھی۔

Scroll to Top