ذوالفقارعلی بھٹو کی برسی،ہٹیاں بالا میں پیپلزپارٹی کے زیر اہتمام دعائیہ تقریب

 ہٹیاں بالا (کشمیر ڈیجیٹل) پاکستان پیپلز پارٹی کے بانی اور سابق وزیر اعظم ذوالفقار علی بھٹو کی برسی ضلع جہلم ویلی کے ضلعی ہیڈکوارٹر ہٹیاں بالا میں عقیدت و احترام کے ساتھ منائی گئی۔

پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کے مرکزی سینئر نائب صدر صاحبزادہ محمد اشفاق ظفر ایڈووکیٹ کی جانب سے ایک پروقار دعائیہ تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں پارٹی رہنماؤں، کارکنان اور معززین علاقہ نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

تقریب میں ممبران ضلع کونسل راجہ پرویز اقبال ایڈووکیٹ، ساجد ہمدانی، سابق صدر ڈسٹرکٹ بار خورشید اعوان ایڈووکیٹ، ضلعی صدر پی ایس ایف راجہ حسنین مقبول، اکرم شاہ، محسن ہمدانی، تیمور بیگ، صاحبزادہ جمال، صاحبزادہ شیریار ظفر سمیت متعدد رہنماؤں اور کارکنان نے شرکت کی۔

تقریب کا آغاز ذوالفقار علی بھٹو اور محترمہ بے نظیر بھٹو کے ایصالِ ثواب کے لیے قرآن خوانی سے کیا گیا۔

اس موقع پر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے ذوالفقار علی بھٹو کی جمہوری جدوجہد اور عوامی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔

 یہ خبر بھی پڑھیں ۔صدر زرداری کاکورونا ٹیسٹ مثبت آگیا، وزیراعظم کی قوم سے دعائوں کی اپیل

شرکاء نے محترمہ بے نظیر بھٹو کی مغفرت اور بلند درجات کے لیے دعا کی، جبکہ پاکستان کے صدر اور پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کی جلد صحت یابی کے لیے بھی خصوصی دعا  کی گئی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی سینئر نائب صدر پیپلز پارٹی آزاد کشمیر صاحبزادہ محمد اشفاق ظفر ایڈووکیٹ نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو پاکستان کے وہ عظیم رہنما تھے جنہوں نے ملک کو ایٹمی طاقت بنانے کی بنیاد رکھی اور ایک مضبوط خارجہ پالیسی متعارف کرائی۔

انہوں نے پاکستان کو پہلا متفقہ آئین دیا اور عوامی حقوق کے تحفظ کے لیے بے مثال جدوجہد کی، جس کی بدولت وہ آج بھی عوام کے دلوں میں زندہ ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ محترمہ بے نظیر بھٹو نے اپنے والد کے مشن کو آگے بڑھاتے ہوئے پاکستان کو میزائل ٹیکنالوجی فراہم کی اور ملک کو دفاعی لحاظ سے ناقابلِ تسخیر بنایا۔

پیپلز پارٹی نے ہمیشہ جمہوریت، عوامی حقوق اور ملکی ترقی کے لیے قربانیاں دی ہیں اور آج بھی انہی اصولوں پر کاربند ہے۔تقریب کے اختتام پر کارکنان نے تجدید عہد کیا کہ وہ ذوالفقار علی بھٹو اور بے نظیر بھٹو کے نظریات کے مطابق پاکستان کو ایک ترقی پسند، جمہوری اور فلاحی ریاست بنانے کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔

Scroll to Top