پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 10 کے آفیشل اینتھم کا ٹیزر ریلیز کر دیا گیا، جس کے بعد کرکٹ کے دیوانوں کا جوش و خروش مزید بڑھ گیا ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے جاری کیے گئے اس مختصر ٹیزر میں علی ظفر ایک منفرد انداز میں دکھائی دے رہے ہیں جبکہ پسِ منظر میں میوزک بج رہا ہے۔ تاہم، گانے کی مکمل تھیم سے پردہ نہیں اٹھایا گیااور ویڈیو کے آخر میں صرف “جلد آ رہا ہے” کے الفاظ نمایاں کیے گئے ہیں۔
اس سال کے اینتھم میں معروف گلوکار علی ظفر اپنی آواز کا جادو جگائیں گے جبکہ ان کے ساتھ ابرار الحق، ابھرتی ہوئی گلوکارہ نتاشہ بیگ اور نوجوان ریپر طلحہ انجم بھی اپنے فن کا مظاہرہ کریں گے۔
ایچ بی ایل پی ایس ایل 10 کا سب سے زیادہ انتظار کیا جانے والا ترانہ شائقین کے لیے ایک سرپرائز ہےاور کرکٹ کے دیوانے اس کے مکمل ریلیز ہونے کا بے چینی سے انتظار کر رہے ہیں۔




