کینیڈا کی یو بی سی میں اسکالرشپ : درخواستوں کا آغاز، اہم تفصیلات جاری

کینیڈا کی عالمی شہرت یافتہ یونیورسٹی آف برٹش کولمبیا (UBC) نے اعلیٰ تعلیم کے خواہشمند طلبہ کیلیے ستمبر 2027 کے تعلیمی سیشن کے تحت انجینئرنگ کے خصوصی پروگرام میں داخلوں اور اسکالرشپ کے باضابطہ عمل کا آغاز کر دیا ہے۔

اس سلسلے میں یونیورسٹی انتظامیہ کی جانب سے ماسٹر آف اپلائیڈ سائنس (MASc) ان الیکٹریکل اینڈ کمپیوٹر انجینئرنگ پروگرام میں داخلے کیلیے 15 اکتوبر 2026 سے درخواستیں وصول کرنے کی تاریخ کا اعلان کیا گیا ہے، جس سے پاکستان سمیت دنیا بھر کے طلبہ کیلیے کینیڈا میں تعلیم حاصل کرنے کے بہترین مواقع پیدا ہو گئے ہیں۔

درخواست کی آخری تاریخ اور اہلیت:

یہ تحقیق پر مبنی ڈگری پروگرام کینیڈین شہریوں کے ساتھ ساتھ بین الاقوامی طلبہ اور بالخصوص پاکستانی درخواست دہندگان کیلیے بھی مکمل طور پر دستیاب ہے۔ یونیورسٹی کی ہدایت کے مطابق تمام دلچسپی رکھنے والے امیدوار 15 جنوری 2027 تک اپنی درخواستیں جمع کرا سکتے ہیں۔ اس پروگرام میں شمولیت کیلیے درخواست دہندگان کا کسی بھی متعلقہ شعبے میں چار سالہ بیچلر ڈگری کا حامل ہونا، بہترین تعلیمی ریکارڈ کا مظاہرہ کرنا، ضرورت کے مطابق انگریزی زبان پر عبور کا ثبوت پیش کرنا اور تین سفارشی خطوط (recommendation letters) فراہم کرنا لازمی قرار دیا گیا ہے، جبکہ اس داخلہ عمل کیلیے GRE کا امتحان دینا ضروری نہیں ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستانیوں کے لیے کینیڈا کا وزٹ ویزا، ضروری دستاویزات، سفر کے اخراجات اور ویزا فیس کی مکمل تفصیل

سالانہ فنڈنگ اور تعلیمی اخراجات کا خاکہ:

یو بی سی کے جاری کردہ فنڈنگ سے متعلق اعداد و شمار کے مطابق، مالی معاونت حاصل کرنے میں کامیاب رہنے والے طلبہ کے گروپ (cohort) کو تعلیم کے ابتدائی دو سالوں کے دوران 32,575 کینیڈین ڈالرز (CAD) کی سالانہ ‘میڈین’ (وسطی) فنڈنگ فراہم کی گئی۔ ٹیوشن فیس اور دیگر تمام تعلیمی اخراجات کی کٹوتی کے بعد طلبہ کیلیے خالص (net) فنڈنگ کی رقم 22,970 کینیڈین ڈالرز رہی۔

فنڈنگ کی شرائط اور اضافی ایوارڈز:

یونیورسٹی انتظامیہ نے اس بات کی واضح وضاحت کی ہے کہ درج بالا فنڈنگ کے اعداد و شمار کی ہر طالب علم کیلیے مکمل ضمانت نہیں دی جا سکتی، کیونکہ اس مالی معاونت کی فراہمی کا انحصار دستیاب اسکالرشپس، ریسرچ اسسٹنٹ شپس، تدریسی اسامیوں اور متعلقہ سپروائزر کی جانب سے ملنے والے فنڈز پر ہوتا ہے۔ یونیورسٹی میں بین الاقوامی طلبہ کیلیے سالانہ ٹیوشن فیس تقریباً 10,081.65 کینیڈین ڈالرز اور مقامی طلبہ کیلیے 5,738.52 کینیڈین ڈالرز مقرر کی گئی ہے، تاہم اہل بین الاقوامی طلبہ 3,200 کینیڈین ڈالرز سالانہ تک کا ‘انٹرنیشنل ٹیوشن ایوارڈ’ بھی حاصل کر سکتے ہیں۔