مسلح افواج ملک بھر میں دیرپا امن و استحکام کے قیام کیلئے پرعزم ہیں، فیلڈ مارشل

چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر کا کہنا ہے کہ مسلح افواج دہشتگردی کو جڑ سے اکھڑ پھینکنے اور پورے ملک میں دیرپا امن و استحکام کو یقینی بنانے کے لیے پوری طرح پرعزم ہیں۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق، چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کور ہیڈکوارٹرز پشاور کا اہم دورہ کیا۔ اس دورے کے دوران انہیں خیبر پختونخوا کی مجموعی سکیورٹی صورتحال پر ایک جامع بریفنگ دی گئی، جس میں صوبے میں جاری انسدادِ دہشتگردی کے آپریشنز اور سرحدی انتظام کے امور پر تفصیلی روشنی ڈالی گئی۔

ملاقات کے دوران فیلڈ مارشل کو سرحدی انتظامی اقدامات اور صوبے بھر میں تعینات مختلف فارمیشنز کی آپریشنل تیاریوں سے بھی آگاہ کیا گیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے اس موقع پر افسران اور جوانوں کے بلند حوصلے، ان کی اعلیٰ تیاری اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا، اور ملک و قوم کے تحفظ کے لیے ان کی ثابت قدمی کی تعریف کی۔

یہ بھی پڑھیں: فیلڈ مارشل سے امریکی دفاعی کمپنی کے وفد کی ملاقات، دفاعی ٹیکنالوجی میں تعاون پر تبادلہ خیال

فیلڈ مارشل نے تمام فارمیشنز کو ہدایت کی کہ وہ ہر وقت مکمل طور پر چوکس رہیں اور اپنی اعلیٰ ترین آپریشنل تیاریوں کو برقرار رکھیں۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ مسلح افواج قوم کی غیر متزلزل حمایت کے ساتھ دہشتگردی کو شکست دینے کے لیے پرعزم ہیں اور ملک میں دیرپا امن کا قیام ان کی اولین ترجیح ہے۔

دورے کے دوران فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے یادگارِ شہداء پر حاضری دی، پھولوں کی چادر چڑھائی اور شہداء کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا۔ اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ وطن کے دفاع کے لیے جان کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء کی عظیم قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جائے گا۔ یاد رہے کہ پشاور آمد پر کور کمانڈر پشاور نے چیف آف ڈیفنس فورسز سید عاصم منیر کا استقبال کیا تھا۔