یوم پاکستان کا آغاز آج توپوں کی سلامی سے کیا گیا، مختلف شہروں میں پروقار تقاریب کا انعقاد کیا گیا!

اسلام آباد: ملک بھر میں یوم پاکستان آج بھرپور ملی جوش و جذبے کے ساتھ منایا جا رہا ہے، دن کا آغاز توپوں کی سلامی سے ہوا جبکہ مختلف شہروں میں پروقار تقاریب کا انعقاد کیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق شاعر مشرق علامہ محمد اقبال کے مزار پر گارڈز کی تبدیلی کی شاندار تقریب منعقد ہوئی جس میں پاک فوج کے چاق و چوبند دستے نے گارڈز کے فرائض سنبھالے۔ یوم پاکستان کی مرکزی تقریب ایوان صدر میں منعقد ہو رہی ہے جہاں پاک فضائیہ کے جنگی طیارے شاندار فلائی پاسٹ کا مظاہرہ کریں گے۔ اس تقریب میں غیر ملکی سفارتکار، اعلیٰ سول و عسکری حکام شرکت کر رہے ہیں۔

صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے قوم کو یوم پاکستان کی مبارک باد دی۔ صدر زرداری کا کہنا تھا کہ مادر وطن کے دفاع میں مسلح افواج کی قربانیاں ناقابل فراموش ہیں جبکہ وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ قومی یکجہتی کے ذریعے ملک کو معاشی استحکام اور ترقی کی راہ پر گامزن کیا جا سکتا ہے۔

وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ گزشتہ ایک سال میں ملک کی معیشت کو استحکام اور ترقی کی راہ پر گامزن کرنے میں کامیابی حاصل ہوئی ہے۔ انہوں نے وطن کے دفاع کے لیے جانیں قربان کرنے والے شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا۔

Scroll to Top