وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ 6 ستمبر پاکستان کی قومی تاریخ کا ایک روشن اور یادگار باب ہے جو مسلح افواج اور قوم کے غیر متزلزل عزم، اتحاد اور بے مثال قربانیوں کی عکاسی کرتا ہے۔
یومِ دفاع و شہداء کے موقع پر اپنے پیغام میں وزیراعظم نے وطن عزیز کے شہداء، غازیوں اور ان کے اہل خانہ کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ 1965ء کی جنگ میں پاک افواج نے دشمن کی جارحیت کا بھرپور جواب دیاجبکہ پوری پاکستانی قوم نے اتحاد، حوصلے اور ثابت قدمی کا مثالی مظاہرہ کیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ معرکۂ حق اور آپریشن بنیان مرصوص کی کامیابی نے بھی پاکستان کی عسکری تاریخ میں ایک اور قابلِ فخر باب کا اضافہ کیا ہے۔
مزید یہ بھی پڑھیں:وزیراعظم شہباز شریف کا آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کی ترقیاتی اسکیموں کا جائزہ
قوم کو اپنی مسلح افواج کی بہادری اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں پر فخر ہے، جبکہ 6 ستمبر کا جذبہ آج بھی پوری قوت کے ساتھ قوم کے اندر زندہ ہے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان کو درپیش موجودہ چیلنجز کا مقابلہ بھی قومی اتحاد اور یکجہتی کے ذریعے کیا جائے گا۔
حکومت ملکی دفاع اور سلامتی کے تحفظ کے ساتھ ساتھ معاشی ترقی، سیاسی استحکام اور عوامی فلاح و بہبود کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گی۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان علاقائی اور عالمی سطح پر امن کے فروغ کیلئے اپنا مثبت کردار ادا کرتا رہے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ مسئلہ کشمیر کے منصفانہ، دیرپا اور قابلِ قبول حل کے بغیر جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کا قیام ممکن نہیں۔
انہوں نے قوم پر زور دیا کہ قائداعظم محمد علی جناحؒ کے سنہری اصولوں، ایمان، اتحاد اور نظم و ضبط کو اپنی زندگیوں کا حصہ بناتے ہوئے ملک کو مزید مضبوط، خوشحال اور ترقی یافتہ بنانے کیلئے متحد ہو کر کردار ادا کیا جائے۔
مزید یہ بھی پڑھیں:وزیراعظم شہباز شریف کی بشکیک میں صدارتی محل آمد، گارڈ آف آنر پیش
وزیراعظم نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ پاکستان کو امن، استحکام اور خوشحالی عطا فرمائے، وطن عزیز کی حفاظت فرمائے اور تمام شہداء کے درجات بلند کرے۔




