بحفاظت

23 سالہ خاتون پائلٹ نے طیارہ سمندر میں بحفاظت اتار لیا

امریکی ریاست فلوریڈا کے ساحل کے قریب 23 سالہ خاتون پائلٹ فیتھ ٹینکلی نے انجن میں خرابی کے بعد طیارے کو آبادی اور ساحل پر موجود افراد سے دور سمندر میں بحفاظت اتار لیا۔ واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

فیتھ ٹینکلی اپنے خاندانی سنگل انجن طیارے میں فورٹ مائرز سے بہاماس جارہی تھیں جہاں انہیں اپنے والدین کو لینے جانا تھا۔ دورانِ پرواز طیارے میں خرابی پیدا ہونے کے بعد انہوں نے سفر جاری رکھنے کے بجائے ہنگامی لینڈنگ کا فیصلہ کیا۔

واقعے کے وقت ساحل پر خاصا رش تھا اور متعدد خاندان پکنک منانے میں مصروف تھے۔ فیتھ ٹینکلی نے طیارے کو بتدریج نیچے لاتے ہوئے ساحل پر موجود عمارتوں اور لوگوں سے دور رکھا اور بالآخر طیارے کو سمندر میں اتار دیا۔

مزید یہ بھی پڑھیں:امریکی طیارہ ایمرجنسی سگنل کیساتھ ہی آبنائے ہرمز کے قریب لاپتہ

طیارہ پانی میں اترنے کے بعد فیتھ ٹینکلی خود باہر نکلیں اور تیر کر بحفاظت ساحل تک پہنچ گئیں۔ لائف گارڈز اور ہنگامی امدادی اہلکار بھی چند منٹ میں موقع پر پہنچ گئے، جہاں ریسکیو ٹیم نے ان کا طبی معائنہ کیا۔

ریسکیو حکام نے تصدیق کی کہ نوجوان پائلٹ کو کوئی چوٹ نہیں آئی۔ عینی شاہدین کے مطابق انہوں نے طیارے کو اچانک ساحل کے قریب سمندر کی جانب غیر معمولی انداز میں اترتے دیکھا۔ ایک خاتون نے بتایا کہ وہ اپنے بچے کو سن اسکرین لگا رہی تھیں کہ اچانک طیارے پر نظر پڑی۔

واقعے کے بعد بعض سوشل میڈیا صارفین نے غلطی سے سمجھ لیا کہ طیارہ کسی مرد پائلٹ کے زیرِ کنٹرول تھا اور ساحل پر موجود ایک خاتون نے اسے بچایا۔

مزید یہ بھی پڑھیں:ترک فضائیہ کا ایف 16 طیارہ گرکر تباہ،پائلٹ بال بال بچ گیا

بعد میں فیتھ ٹینکلی نے خود اس غلط فہمی کی وضاحت کی۔ مقامی حکام اور پائلٹس نے طیارے کو لوگوں اور عمارتوں سے دور رکھتے ہوئے محفوظ مقام پر اتارنے پر نوجوان پائلٹ کی مہارت کو سراہا۔