بنوں میں پولیس کی بروقت کارروائی، دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام

بنوں میں پولیس نے بروقت اور موثر کارروائی کرتے ہوئے شہر کو ایک بڑے حادثے اور تباہی سے بچا لیا۔ پولیس نے منڈان گیٹ کے باہر سے بارودی مواد سے بھری ایک موٹر سائیکل برآمد کر کے دہشت گردی کا منصوبہ ناکام بنا دیا۔

دہشت گردوں کی ناکام کوشش:

پولیس زرائع کے مطابق نا معلوم عناصر بارود سے لدی موٹر سائیکل کو شہر کے اندر منتقل کرنے کی کوشش کر رہے تھے۔ تاہم منڈان گیٹ کے قریب اچانک موٹر سائیکل کا ٹائر پھٹ گیا، جس کے بعد ملزمان گرفتاری کے خوف سے موٹر سائیکل کو وہیں چھوڑ کر موقع سے فرار ہو گئے۔

یہ بھی پڑھیں: آپریشن ردالفتنہ 3: زیارت، ہرنائی اور سوراب میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں، 9 سے زائد دہشتگرد ہلاک

بم ڈسپوزل اسکواڈ کی کارروائی:

واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور بم ڈسپوزل اسکواڈ (BDS) کی ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں۔ علاقے کی حصار بندی کر کے جب موٹر سائیکل کی تفصیلی چیکنگ کی گئی تو اس سے بھاری مقدار میں بارودی مواد برآمد ہوا۔ بم ڈسپوزل یونٹ نے مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے بارودی مواد کو موقع پر ہی ناکارہ بنا دیا۔

تحقیقات اور سرچ آپریشن کا آغاز

بارودی مواد ناکارہ بنانے کے بعد پولیس نے موٹر سائیکل کو تحویل میں لے کر متعلقہ تھانے منتقل کر دیا ہے۔ واقعے کا مقدمہ درج کر کے فرار ہونے والے ملزمان کی تلاش اور گرفتاری کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن کا آغاز کر دیا گیا ہے۔