اسمبلی

آزاد کشمیر اسمبلی کی مخصوص نشستوں پر پولنگ آج ہوگی

مظفرآباد (کشمیر ڈیجیٹل)آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے عام انتخابات کا پہلا مرحلہ مکمل ہونے کے بعد نومنتخب اراکین کے پہلے اجلاس کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔

پہلے اجلاس میں نومنتخب ارکان اسمبلی حلف اٹھائیں گے جبکہ ایوان کی 7 مخصوص نشستوں پر انتخابات بھی آج ہوں گے، جس کیلئے باقاعدہ شیڈول جاری کردیا گیا ہے۔

خواتین کی 5 مخصوص نشستوں پر 6 اُمیدواروں کے درمیان مقابلہ ہوگا۔ شاہین کوثر ڈار کی جانب سے کاغذات نامزدگی واپس لیے جانے کے بعد خواتین کی نشستوں پر امیدواروں کی تعداد 6 رہ گئی ہے۔ ان نشستوں کیلئے مجموعی طور پر 7 اُمیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے تھے۔

خواتین کی مخصوص نشستوں پر رفعت عابد، زوبیہ خورشید، سحرش قمر، فرزانہ یعقوب، مریم ادریس اور مریم زمان کے درمیان مقابلہ ہوگا۔

مزید یہ بھی پڑھیں:آزاد کشمیر اسمبلی اجلاس، خالی عمارت معاملے پر گرما گرم بحث،اپوزیشن کا واک آوٹ

علماء و مشائخ کیلئے مختص ایک نشست پر بھی 2 اُمیدوار میدان میں ہیں۔ اس نشست پر حافظ طارق محمود اور محمد مظہر سعید کے درمیان مقابلہ ہوگا۔

ٹیکنوکریٹس اور پروفیشنلز کی ایک مخصوص نشست پر سید افتخار گیلانی اور صاحبزادہ ذوالفقار علی آمنے سامنے ہوں گے۔

دوسری جانب بیرون ملک مقیم ریاستی باشندگان کے لیے مختص نشست پر بلامقابلہ انتخاب کا مرحلہ مکمل ہوچکا ہے۔

مزید یہ بھی پڑھیں:آزاد کشمیر اسمبلی میں2017 سے سیاسی اشرافیہ کیلئے 7 مرتبہ تنخواہوں اور مراعات میں اضافہ: سابق صدور، وزرائے اعظم اور اراکین اسمبلی کو تاحیات مراعات مل گئیں

خواتین، ٹیکنوکریٹس اور علماء و مشائخ کی مخصوص نشستوں کیلئے پولنگ کل اسمبلی ہال مظفرآباد میں ہوگی۔ پولنگ کا عمل صبح 10 بجے شروع ہوکر دوپہر ایک بجے تک جاری رہے گا۔