مظفرآباد :اسسٹنٹ کمشنر رورل مظفرآباد حماد بشیر نے آج صبح سویرے سبزی منڈی کا اچانک دورہ کیاجہاں گراں فروشی اور مہنگائی کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی گئی۔ اس دوران متعدد ہول سیلرز کو گرفتار کر کے ان پر بھاری جرمانے عائد کیے گئے۔
تفصیلات کے مطابق اسسٹنٹ کمشنر حماد بشیرنے آج مہنگائی کے خلاف کریک ڈاون کے سلسلے میں سبزی منڈی کا اچانک دورہ کیا جہاں انھوں نےبولی کے نظام کا بھی تفصیلی جائزہ لیا اور خلافِ قانون مہنگے داموں اشیاء فروخت کرنے والے دکانداروں اور منڈی مالکان کے خلاف سخت اقدامات کیے جبکہ دکانداروں کا دیرینہ مطالبہ تھا کہ ہول سیل میں ہی سبزیاں اور دیگر اشیاء مہنگے داموں دستیاب ہیں جس کے باعث وہ عوام کو سستا سامان فراہم کرنے سے قاصر ہیں۔
اسسٹنٹ کمشنر نے واضح کیا کہ کوئی بھی قانون سے بالاتر نہیں اور مہنگائی میں اضافے کا سبب بننے والے سبزی منڈی مافیا کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے گا۔ ضلعی انتظامیہ نے اعلان کیا کہ شہر بھر میں گراں فروشوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی تاکہ عوام کو ریلیف فراہم کیا جا سکے۔