بادل

گرمی یا حبس ! آئندہ 24 گھنٹوں میں مختلف شہروں میں بادل برسنے کی پیش گوئی

ملک بھر کے بیشتر علاقوں میں گرمی اور حبس کی شدید لہر برقرار ہے، تاہم محکمہ موسمیات نے گرمی کے ستائے شہریوں کے لیے آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے مختلف حصوں میں آندھی، تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی نوید سنا دی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق بحیرۂ عرب سے آنے والی نم آلود اور مرطوب ہوائیں ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں داخل ہو رہی ہیں، جبکہ دوسری جانب مغربی ہواؤں کا ایک سلسلہ بھی ملک کے بالائی حصوں پر اثر انداز ہے۔ ان دونوں موسمیاتی سسٹمز کے ملاپ کے باعث ملک کے متعدد علاقوں میں آندھی چلنے اور بادل برسنے کا قوی امکان پیدا ہو گیا ہے۔

منگل کے روز کا موسم اور اسلام آباد کی صورتحال
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ منگل کے روز ملک کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور شدید حبس زدہ رہے گا۔ تاہم، کشمیر، بالائی خیبرپختونخوا، شمال مشرقی پنجاب اور گلگت بلتستان کے مختلف مقامات پر تیز ہواؤں، آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور اس کے گرد و نواح میں بھی موسم گرم اور شدید مرطوب رہنے کا امکان ہے، البتہ دن کے مختلف اوقات میں بادل چھانے اور چند مقامات پر بارش ہونے کی توقع کی جا رہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: آزاد کشمیر ہائی کورٹ نے ایڈہاک ایکٹ 2026 معطل کر دیا، حکمِ امتناعی جاری

پنجاب، خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں بارش کے مقامات
پنجاب کے بیشتر اضلاع میں اگرچہ گرمی اور حبس کا راج برقرار رہے گا، لیکن راولپنڈی، مری، گلیات، چکوال، جہلم، منڈی بہاؤالدین، گجرات، گوجرانوالہ، حافظ آباد، لاہور، شیخوپورہ، ساہیوال، سیالکوٹ، نارووال اور اوکاڑہ میں چند مقامات پر آندھی چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں بھی موسم گرم اور مرطوب رہنے کے باوجود دیر، چترال، سوات، کالام، مالم جبہ، کوہستان، شانگلہ، بٹگرام، مانسہرہ، ایبٹ آباد، پاراچنار، بنیر، پشاور، کرم، کوہاٹ اور وزیرستان کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بادل برسنے کی امید ہے۔ بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور حبس زدہ رہے گا، تاہم خضدار، ژوب اور ان کے ملحقہ علاقوں میں چند مقامات پر بادل برسنے کا امکان ہے۔

سندھ کا موسم اور بدھ کی پیش گوئی
سندھ کے حوالے سے محکمہ موسمیات کا بتانا ہے کہ صوبے کے بیشتر وسطی اور بالائی اضلاع میں دن کے وقت شدید گرمی اور مرطوب موسم رہے گا۔ تاہم، تھرپارکر، عمرکوٹ، مٹھی، سکھر، جیکب آباد، کراچی اور دیگر ساحلی علاقوں میں مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہنے کے ساتھ ساتھ کہیں کہیں تیز ہواؤں، آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

مزید پڑھیں: آج کہاں کہاں بادل برسیں گے؟ محکمۂ موسمیات نے شہریوں کو نوید سنا دی

محکمہ موسمیات کے مطابق بدھ کے روز بھی کشمیر اور گلگت بلتستان کے بعض علاقوں میں مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہے گا اور چند مقامات پر بارش اور گرج چمک کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے۔