وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں مطلع مکمل طور پر ابر آلود ہے، جبکہ شہر کے مختلف علاقوں میں بارش کا سلسلہ مسلسل جاری ہے۔ محکمۂ موسمیات نے آئندہ چند گھنٹوں کے دوران پنجاب، خیبرپختونخوا، بلوچستان اور خطہ کشمیر کے مختلف علاقوں میں بھی بادل برسنے کی بڑی پیش گوئی کی ہے۔
ملک کے دیگر حصوں کی طرح محکمۂ موسمیات نے شہریوں کو خوشخبری سناتے ہوئے ہفتے کے آخر (ویک اینڈ) کے دوران کشمیر اور بالائی علاقوں میں تیز ہواؤں، آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارشوں کی پیش گوئی کی ہے۔ اس موسمی صورتحال کے باعث درجہ حرارت میں نمایاں کمی آنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
خیبرپختونخوا اور پنجاب میں بارشوں کے امکانات:
محکمۂ موسمیات کے مطابق خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور شدید مرطوب رہنے کا امکان ہے، تاہم دیر، چترال، سوات، کوہستان، شانگلہ، بٹگرام، مانسہرہ، پشاور، ایبٹ آباد، ہری پور، بونیر، مالاکنڈ، نوشہرہ، باجوڑ، ہنگو، کوہاٹ، لکی مروت، بنوں، ڈیرہ اسماعیل خان اور وزیرستان کے مختلف مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ملک بھر میں 13 جولائی تک طوفانی بارشوں کی نئی پیشگوئی، کئی شہروں میں اربن فلڈنگ کا الرٹ
پنجاب میں بھی بادل برسنے کی پیش گوئی کی گئی ہے جس کے تحت راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، چکوال، جہلم، لاہور، گجرات، گوجرانوالہ، حافظ آباد، وزیرآباد، شیخوپورہ، سیالکوٹ، نارووال، ساہیوال، فیصل آباد، خوشاب، سرگودھا، ملتان، جھنگ، بھکر، میانوالی، لیہ اور ڈیرہ غازی خان میں کہیں کہیں بارش ہونے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
سندھ اور بلوچستان کی موسمی صورتحال:
دوسری جانب سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا، جبکہ کراچی میں بھی گرمی اور حبس کی شدت برقرار رہنے کی توقع ہے۔ محکمۂ موسمیات کے مطابق کراچی شہر کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 35 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے، جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 74 فیصد تک رہنے کا امکان ہے، جس کے باعث حبس میں مزید اضافہ محسوس کیا جا سکتا ہے۔
ادھر بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں بھی موسم گرم رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے، تاہم صوبے کے مختلف اضلاع جن میں ژوب، موسیٰ خیل، شیرانی، کوہلو اور بارکھان شامل ہیں، وہاں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
شہریوں کے لیے اہم احتیاطی تدابیر:
محکمۂ موسمیات نے بدلتے ہوئے اس موسمی حالات کے پیش نظر شہریوں کو خصوصی ہدایت کی ہے کہ وہ بارش کے دوران تمام ضروری احتیاطی تدابیر لازمی اختیار کریں۔
مزید پڑھیں: ملک کے بیشتر علاقوں میں شدید گرمی اور حبس برقرار، چند مقامات پر بارش کا امکان
اس کے ساتھ ہی نشیبی علاقوں میں رہائش پذیر افراد کو خبردار کیا گیا ہے کہ وہ موسمی صورتحال سے متعلق تازہ ترین معلومات پر مسلسل نظر رکھیں تاکہ کسی بھی ناگہانی صورتحال سے بروقت بچا جا سکے۔




