جرمنی میں فضائی بحران! ایئرپورٹ ملازمین کی ہڑتال سے سیکڑوں پروازیں منسوخ

جرمنی میں کل ایک روزہ ہڑتال کے باعث فضائی نظام درہم برہم ہو گیا جس کے نتیجے میں ملک کے 13 بڑے ایئرپورٹس پر پروازیں منسوخ ہو گئیں اور ہزاروں مسافروں نے مشکلات کا سامنا کیا ۔ اس ہڑتال میں عوامی شعبے کے ملازمین بشمول گراؤنڈ اسٹاف اور سیکیورٹی اہلکار، تنخواہوں میں اضافے کے مطالبے کے تحت شریک تھے۔

تفصیلات کے مطابق ہڑتال کا آغاز آدھی رات سے ہواجس کے بعد فرینکفرٹ ایئرپورٹ جو یورپ کے مصروف ترین ہوائی اڈوں میں شمار ہوتا ہے تقریباً مکمل طور پر بند ہو گیا جہاں 1,116 میں سے 1,054 پروازیں منسوخ کر دی گئیں۔ اسی طرح برلن ایئرپورٹ پر تمام پروازیں معطل رہیں جبکہ میونخ اور ہیمبرگ ایئرپورٹس پر بھی محدود آپریشنز دیکھنے میں آئے۔ دیگر متاثرہ ایئرپورٹس میں کولون/بون، بریمن، ہینوور، ڈورٹمنڈ، لیپزگ/ہالے اور اسٹٹگارٹ شامل ہیں جبکہ ویسے اور کارلسروہے/بادن-بادن جیسے چھوٹے ایئرپورٹس پر صرف سیکیورٹی اہلکاروں نے ہڑتال میں شرکت کی۔

یہ ہڑتال دو مختلف تنخواہوں سے متعلق تنازعات کا نتیجہ ہے جن میں سے ایک مسئلہ ایئرپورٹ سیکیورٹی ورکرز سے متعلق ہےجبکہ دوسرا وفاقی اور بلدیاتی سرکاری ملازمین کا معاملہ ہے۔ سرکاری ملازمین کے لیے مذاکرات جمعہ کو ہوں گےجبکہ ایئرپورٹ سیکیورٹی اہلکاروں کے لیے مذاکرات 26 مارچ کو متوقع ہیں۔

ہڑتال کے باعث نہ صرف ہزاروں مسافر مشکلات کا شکار ہوئے بلکہ فضائی نقل و حمل پر انحصار کرنے والے کاروبار بھی متاثر ہوئے ہیں۔

Scroll to Top