کشمیری عوام کا آزاد کشمیر میں بین الاقوامی ائیرپورٹ کے قیام کا مطالبہ ، سیاحت کو بھی فروغ ملے گا

مظفرآباد: آزاد جموں و کشمیر کے عوام نے بین الاقوامی ائیرپورٹ کے قیام کا مطالبہ کیا ہےجس کی عدم موجودگی سے 50 لاکھ سے زائد کشمیریوں کو مشکلات کا سامنا ہے جبکہ 25 لاکھ کے قریب اوورسیز کشمیری سفری مسائل سے دوچار ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ بین الاقوامی ہوائی اڈے کا قیام نہ صرف مقامی افراد بلکہ بیرون ملک سے آنے والے کشمیریوں اور سیاحوں کے لیے بھی فائدہ مند ہوگا۔

کشمیر ڈیجیٹل کو دیے گئے انٹرویوز میں شہریوں کا کہنا تھا کہ آزاد کشمیر کی ایک بڑی آبادی بیرون ملک مقیم ہےجو وطن واپسی کے لیے دوسرے شہروں کے ائیرپورٹس پر انحصار کرنے پر مجبور ہوتے ہیں جس کی وجہ سے ان کا سفر طویل ہو جاتا ہے اور دیگر مشکلات کا بھی سامنا کرنا پڑتا ہے۔ اگر آزاد کشمیر میں ایک جدید بین الاقوامی ہوائی اڈہ قائم کر دیا جائے اور موجودہ ائیرپورٹس کو بین الاقوامی پروازوں کے لیے بحال کیا جائے تو سفری مشکلات سے چھٹکارا ملے گا اور سیاحت کو بھی فروغ ملے گا۔

شہریوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ آزاد کشمیر میں بین الاقوامی ائیرپورٹ کے قیام کو ترجیح دی جائے تاکہ لاکھوں کشمیریوں کو درپیش سفری مسائل حل کیے جا سکیں اور خطے کی معیشت کو بھی فائدہ پہنچے۔

Scroll to Top