کمشنر میرپور ڈویژن کی ویڈیو لنک میٹنگ، شجرکاری کے فروغ کے لیے عملی اقدامات پر زور

بھمبر:کمشنر میرپور ڈویژن چوہدری مختار حسین کی زیر صدارت ویڈیو لنک پر ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں ڈویژن بھر اور ضلع بھمبر میں شجرکاری مہم کے اہداف کو عبور کرنے کے لیے جامع پلان آف ایکشن مرتب کرلیا گیا۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر بھمبر مرزا ارشد محمود جرال سمیت تمام ضلعی افسران نے شرکت کی اور شجرکاری مہم کے عمل درآمد پر تفصیلی بریفنگ دی۔

ڈپٹی کمشنر بھمبر نے اجلاس کے دوران حالیہ دنوں میں لگائے گئے پودوں کی تفصیلات سے آگاہ کیا اور بتایا کہ عسکری و ضلعی افسران کے تعاون سے شہری و دیہی علاقوں میں فروٹ پلانٹس سمیت دیگر پودے تقسیم کیے جا رہے ہیں۔ اب تک ایک لاکھ 85 ہزار پودے تقسیم کیے جا چکے ہیں جبکہ مجموعی طور پر ڈھائی لاکھ پودے لگانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ ڈی ایف او ثمر اقبال نے بھی مہم کی تیز رفتاری پر روشنی ڈالی اور بتایا کہ زمینداروں میں بھی پودوں کی تقسیم شروع کردی گئی ہے۔

کمشنر میرپور ڈویژن نے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر چوہدری انوارالحق نے واضح ہدایات دی ہیں کہ شجرکاری مہم کو ہنگامی بنیادوں پر مکمل کیا جائے اور لگائے گئے پودوں کی حفاظت کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ درخت لگانا نبی پاک صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی سنت اور صدقہ جاریہ ہےجبکہ کلائمیٹ چینج ایک بڑا چیلنج بن چکا ہے جس سے نمٹنے کے لیے تمام اکائیوں کو مشترکہ طور پر کوششیں کرنا ہوں گی۔

کمشنر میرپور نے علماء کرام، میڈیا، سول سوسائٹی، اسکول و کالجز، وکلا، کارپوریٹ سیکٹر سمیت تمام طبقات پر زور دیا کہ وہ اس مہم کا فعال حصہ بنیں۔ انہوں نے ہدایت دی کہ تمام ڈپٹی کمشنرز سرکاری و نجی اسکولوں میں شجرکاری کو یقینی بنائیں اور معاشرے کو متحرک کریں تاکہ ہر فرد اپنی اجتماعی ذمہ داری ادا کرے۔

کمشنر میرپور نے واضح کیا کہ انسانی زندگی کی بقا آکسیجن پر ہےاور آکسیجن صرف درختوں سے حاصل ہوتی ہے۔ اس لیے شجرکاری اور شجر پروری دونوں انتہائی ضروری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ درخت گلوبل وارمنگ پر قابو پانے، موسمیاتی تبدیلیوں، سیلاب، زلزلے، لینڈ سلائیڈنگ اور دیگر قدرتی آفات کے اثرات کم کرنے میں بھی معاون ثابت ہوتے ہیں۔

کمشنر میرپور نے مزید کہا کہ مرکزی شاہرات، روڈ کناروں اور انڈسٹریل زون میں بھی بڑے پیمانے پر شجرکاری کی جائے۔ صنعت کاروں کو بھی اس مہم میں متحرک کرنے کی ہدایت دی گئی ہےتاکہ صنعتی علاقوں میں بھی درخت لگائے جا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ چیڑھ، چنار اور دیگر اقسام کے پودے لگانے پر بھی خصوصی توجہ دی جائے۔

اجلاس کے اختتام پر تمام افسران نے اس عزم کا اظہار کیا کہ شجرکاری مہم کو کامیاب بنانے کے لیے بھرپور اقدامات کیے جائیں گے اور آئندہ نسلوں کے لیے ایک سرسبز اور صحت مند ماحول فراہم کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی جائے گی۔

Scroll to Top