مظفر آباد(کشمیر ڈیجیٹل)پلیٹ قلعہ روڈ پر شادی کی تقریب میں فائرنگ کے افسوسناک واقعے میں زخمی ہونے والا 8 سالہ بچہ حیدر علی ولد ملک ماجد زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جان کی بازی ہار گیا ۔
اس دلخراش واقعے نے نہ صرف متاثرہ خاندان کو گہرے صدمے سے دوچار کیا ہے بلکہ علاقے میں بھی خوف و ہراس اور غم کی فضا قائم ہو گئی ہے ۔
تفصیلات کے مطابق شادی کی ایک خوشی کی تقریب اس وقت ماتم میں بدل گئی جب نامعلوم افراد یا ہوائی فائرنگ کے نتیجے میں گولیاں چل گئیں ۔ فائرنگ کی زد میں آ کر کمسن حیدر علی شدید زخمی ہو گیا، جس کو فوری طور پر قریبی ہسپتال منتقل کیا گیا ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:کھوئی رٹہ،گالہ بازار میں پرانی دشمنی پر فائرنگ،نوجوان شدید زخمی
طبی عملے نے اسے بچانے کی ہر ممکن کوشش کی ، تاہم وہ زخموں کی شدت برداشت نہ کرسکا اور دم توڑ گیا ۔ واقعے کے بعد علاقے میں شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے ۔
مقامی افراد نے اس افسوسناک واقعے پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ شادی بیاہ اور دیگر تقریبات میں اسلحے کے بے جا استعمال اور ہوائی فائرنگ کے رجحان کو سختی سے روکا جائے تاکہ آئندہ اس طرح کے سانحات سے بچا جا سکے ۔
پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں اور ابتدائی معلومات اکٹھی کی جا رہی ہیں ۔ حکام کا کہنا ہے کہ ذمہ دار افراد کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی کی جائے گی تاکہ آئندہ اس طرح کے واقعات کی روک تھام ممکن ہو سکے۔
مزید یہ بھی پڑھیں:ملک بھر میں شادی تقریبات پر ودہولڈنگ ٹیکس میں مزید اضافہ
متاثرہ خاندان پر اس وقت غم کا پہاڑ ٹوٹ چکا ہے اورعلاقے کی فضا سوگوار ہے ۔ مقامی افراد نے مرحوم بچے کی مغفرت اور اہل خانہ کے لیے صبر جمیل کی دعا کی ہے ۔




