الرٹ

این ڈی ایم اے نے ملک بھر میں 12 سے 17 اپریل کے دوران الرٹ جاری کر دیا

نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے ملک بھر میں 12 سے 17 اپریل کے دوران ممکنہ شدید موسمی صورت حال کے پیش نظر الرٹ جاری کر دیا ہے ۔

نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر کی جانب سے جاری کردہ ایڈوائزری میں شہریوں اور متعلقہ اداروں کو پیشگی احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ نقصان سے بچا جا سکے ۔

محکمہ موسمیات کے مطابق ہواؤں کا ایک مضبوط سلسلہ ملک کے بالائی علاقوں پر اثر انداز ہوگا، جس کے نتیجے میں مختلف شہروں میں موسمی شدت دیکھنے میں آئے گی ۔

اسلام آباد، مری، راولپنڈی، لاہور اور سیالکوٹ میں 13 سے 17 اپریل کے دوران گرج چمک کے ساتھ بارش، تیز ہوائیں اور ژالہ باری کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، جو روزمرہ معمولات کو متاثر کر سکتی ہے ۔

خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع جن میں چترال، دیر، سوات، مانسہرہ اور ایبٹ آباد شامل ہیں، وہاں 12 سے 17 اپریل کے دوران تیز ہواؤں اور بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:آزادکشمیر میں بارش وبرفباری، این ڈی ایم اے نے نیا الرٹ جاری کر دیا

بالائی پہاڑی علاقوں جیسے گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں برفباری کا بھی امکان ہے، جس سے سردی کی شدت میں اضافہ ہو سکتا ہے اور سفری مشکلات پیدا ہو سکتی ہیں ۔

دوسری جانب سندھ اور بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے، جہاں درجہ حرارت میں مزید اضافہ متوقع ہے ۔

اس صورتحال کے پیش نظر وہاں کے رہائشیوں کو گرمی سے بچاؤ کی تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے ۔

این ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ مسلسل بارشوں کے باعث پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ بڑھ سکتا ہے جبکہ سڑکوں پر پھسلن اور برفباری کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر ہو سکتی ہے ۔

سیاحوں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ شمالی علاقوں کا سفر کرنے سے قبل تازہ موسمی صورتحال سے آگاہی حاصل کریں ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:این ڈی ایم اے نے بارشوں اور ژالہ باری کا الرٹ جاری کر دیا

تیز ہواؤں اور آسمانی بجلی کے باعث کمزور عمارتوں، درختوں اور بجلی کی تنصیبات کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے۔ عوام کو ہدایت کی گئی ہے کہ احتیاط برتیں، غیر ضروری طور پر باہر نکلنے سے گریز کریں اور ہنگامی صورتحال میں متعلقہ اداروں سے رابطے میں رہیں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے ۔

Scroll to Top