کشمیر کے ساتھ میرا گہرا قلبی تعلق ہے، بھارت دنیا کے سامنے ایکسپوز ہو چکا: رمیش سنگھ اروڑہ

مظفرآباد: پنجاب کے وزیر برائے اقلیتی امور رمیش سنگھ اروڑہ نے کہا ہے کہ کشمیر کے ساتھ ان کا رشتہ بہت گہرا اور پرانا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ان کے پرکھوں کا کشمیر سے نہ صرف تعلق تھا بلکہ یہاں کے لوگوں کے ساتھ گہری دوستی بھی رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آزاد کشمیر کے دورے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ “میں کشمیر سے سچی محبت کرتا ہوں اور جب بھی یہاں قدم رکھتا ہوں تو مجھے دلی سکون اور خوشی محسوس ہوتی ہے۔” انہوں نے اس موقع پر بھارت کی موجودہ صورتحال پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ آج بھارت کے اندر تمام اقلیتیں مکمل طور پر غیر محفوظ ہو چکی ہیں۔ رمیش سنگھ اروڑہ کا کہنا تھا کہ بھارت کا نام نہاد سیکولر چہرہ اب دنیا کے سامنے بے نقاب اور ایکسپوز ہو چکا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: سونے کی قیمتوں میں بڑا کریش: فی تولہ سونا 9 ہزار 500 روپے سستا ہو گیا

انہوں نے مزید کہا کہ ہم اپنے مقبوضہ کشمیر کے بہن بھائیوں کے ساتھ ہیں اور ان کی جدوجہد میں ان کے شانہ بشانہ کھڑے رہیں گے۔ عالمی حالات پر تبصرہ کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ آج پاکستان کا قد دنیا میں بہت بلند ہو رہا ہے اور پاکستان عالمی سطح پر جنگ رکوانے میں ایک مرکزی اور کلیدی کردار ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے اس عظیم سفارتی کامیابی اور بہترین حکمت عملی پر فیلڈ مارشل اور پوری عسکری قیادت کو مبارکباد پیش کی۔

Scroll to Top