کراچی: عالمی اور مقامی صرافہ مارکیٹوں میں جمعرات کو سونے کی قیمتوں میں غیر معمولی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ اس بڑی کمی کے نتیجے میں سونے کی فی تولہ قیمت ایک بار پھر 5 لاکھ کی حد سے گر کر 4 لاکھ کی سطح پر واپس آ گئی ہے۔
عالمی بلین مارکیٹ میں سونے کی قیمت میں 95 ڈالر کی نمایاں کمی دیکھی گئی، جس کے بعد بین الاقوامی مارکیٹ میں سونا 4 ہزار 723 ڈالر فی اونس کی سطح پر آ گیا۔ عالمی مارکیٹ میں ہونے والی اس بڑی گراوٹ کے اثرات مقامی مارکیٹ پر بھی گہرے پڑے اور پاکستان میں فی تولہ سونے کی قیمت میں 9 ہزار 500 روپے کی بڑی کمی واقع ہوئی۔ اس کمی کے بعد مقامی صرافہ بازاروں میں فی تولہ سونا 4 لاکھ 94 ہزار 662 روپے کا ہو گیا۔
یہ بھی پڑھیں: سونے کی قیمتوں میں پھراضافہ، فی تولہ قیمت 5 لاکھ روپے سے تجاوز کر گئی
اسی طرح دس گرام سونے کی قیمت بھی 8 ہزار 145 روپے کم ہو کر 4 لاکھ 24 ہزار 92 روپے پر آ گئی۔ یاد رہے کہ گزشتہ روز یعنی بدھ کو سونے کی قیمت میں 15 ہزار 700 روپے کا بڑا اضافہ ہوا تھا جس سے قیمت 5 لاکھ 4 ہزار 162 روپے کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی تھی۔ سونے کے ساتھ ساتھ چاندی کی قیمتوں میں بھی کمی دیکھی گئی ہے، چاندی کی فی تولہ قیمت 300 روپے کم ہو کر 7 ہزار 884 روپے ہو گئی ہے۔




