نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے آزاد کشمیر اور ملک کے دیگر حصوں میں گرج چمک کے ساتھ مزید بارش اور برفباری کا الرٹ جاری کر دیا ہے۔ ترجمان این ڈی ایم اے کے مطابق اگلے 12 سے 24 گھنٹے کے دوران آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے ساتھ خیبر پختونخوا کے بالائی اور پہاڑی علاقوں میں برفباری متوقع ہے۔
آزاد کشمیراورگلگت بلتستان میں 6 سے 10 اپریل کے دوران بارش، آندھی اور ژالہ باری متوقع ہے۔ وادی نیلم، باغ، حویلی ،پونچھ، استور، گلگت، اسکردو، دیامر، غذر، ہنزہ، نگر میں بارش جبکہ بالائی علاقوں میں برفباری کا امکان ہے۔
یہ بھی پڑھیں: بارشوں، برفباری کے نئے سلسلے کی پیشگوئی،کہاں کہاں بادل گرجیں گے؟
پنجاب، سندھ، بلوچستان اور خیبر پختونخوا کے چند مقامات پر بارش کے ساتھ ژالہ باری کی پیشگوئی بھی کر دی گئی ہے۔ اسلام آباد اور پنجاب کے وسطی و جنوبی علاقوں میں بھی بارش اور ژالہ باری کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ کراچی اور اندرون سندھ کے ساتھ بلوچستان میں بھی کوئٹہ سمیت مختلف شہروں میں بارش ہو سکتی ہے۔
ملک کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ مزید بارشوں اور برفباری کے پیشِ نظر این ڈی ایم اے نے الرٹ جاری کیا ہے۔ حکام نے بارشوں اور برف باری کے باعث سڑکوں پر پھسلن اور ٹریفک کی روانی متاثر ہونے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔ تمام مسافروں سے کہا گیا ہے کہ وہ سفر کے دوران احتیاط کا مظاہرہ کریں۔




