فاتح کیانی

کوٹلی میں عید ملن پارٹی ،سینکڑوں افراد کا فاتح محمود کیانی کی قیادت پر اعتماد کا اظہار

کوٹلی (کشمیر ڈیجیٹل)آزاد کشمیر کے حلقہ سٹی کوٹلی 3 کے اُمیدوار اسمبلی راجہ فاتح محمود کیانی کی جانب سے مسلم لیگ (ن) اور علاقہ مکینوں کے اعزاز میں ایک شاندار عید ملن پارٹی کا انعقاد کیا گیا جو دیکھتے ہی دیکھتے ایک بڑے عوامی جلسے کی صورت اختیار کر گئی ۔

اس تقریب میں حلقہ سٹی کوٹلی کی عوام نے بھرپور شرکت کی اور اپنی سیاسی وابستگی کا اظہار کرتے ہوئے پروگرام کو کامیاب بنایا ۔

تقریب میں مختلف سیاسی و سماجی شخصیات کے علاوہ نوجوانوں ، بزرگوں اور خواتین کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔

اس موقع پر سینکڑوں افراد نے دیگر جماعتوں کو چھوڑ کر مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کا اعلان کیا اور راجہ فاتح محمود کیانی کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:پاکستان مسلم لیگ (ن) ایک ویژن ،نظریے کا نام ہے: جمیلہ خاتون

نئے شامل ہونے والے کارکنان کا پُرتپاک استقبال کیا گیا اور انہیں پارٹی کا حصہ بننے پردل کی اتھاہ گہرائیوں سے مبارکباد دی گئی اورپھولوں کے ہار پہنائے گئے ۔

راجہ فاتح محمود کیانی نے اپنے خطاب میں کہا کہ حلقہ سٹی کوٹلی کی عوام باشعور ہے اور وہ ترقی، خوشحالی اور بہتر مستقبل کے لیے درست فیصلے کرے گی ۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) ہی وہ جماعت ہے جو عوامی خدمت پر یقین رکھتی ہے اور ماضی میں بھی اس نے علاقے کی تعمیر و ترقی کے لیے نمایاں کردار ادا کیا ہے ۔

انہوں نے مزید کہا کہ اگر عوام نے انہیں خدمت کا موقع دیا تو وہ حلقے کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کریں گے اور ترقیاتی منصوبوں کا جال بچھائیں گے ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:مظفرآباد کی سیاست میں بڑی ہلچل: سردار تبارک علی کا مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کا فیصلہ

تقریب کے اختتام پر شرکاء نے بھرپور نعرے بازی کی اور راجہ فاتح محمود کیانی کے حق میں اپنی حمایت کا اعادہ کیا، جس سے سیاسی ماحول مزید گرم ہو گیا ۔

Scroll to Top