کوٹلی آزاد کشمیر: انٹرنیٹ سروسز کی ناقص کارکردگی پر عوام میں شدید غم و غصہ

کوٹلی، آزاد کشمیر میں انٹرنیٹ سروسز کی غیر مستحکم اور کمزور کارکردگی نے عوام کو شدید مشکلات سے دوچار کر دیا ہے۔ ایس سی او سمیت تمام انٹرنیٹ فراہم کنندگان کی سروسز میں بار بار تعطل اور سست رفتاری کے باعث صارفین براؤزنگ اور آن لائن کاموں میں دشواری کا سامنا کر رہے ہیں۔

مقامی نوجوان جو بے روزگاری کے باعث آئی ٹی کے شعبے میں مختلف کمپنیوں کے ساتھ منسلک ہو کر روزگار کما رہے ہیں، انٹرنیٹ کی ناقص سروس کی وجہ سے ذہنی تناؤ کا شکار ہیں۔ عوام کی جانب سے بارہا توجہ دلانے کے باوجود متعلقہ اداروں کی جانب سے کوئی مؤثر اقدام نہیں اٹھایا گیا۔

دوسری جانب قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن نے حالیہ اجلاس میں آزاد جموں و کشمیر سمیت ملک بھر میں انٹرنیٹ کے مسائل پر شدید برہمی کا اظہار کیا۔ اجلاس کے دوران چیئرمین پی ٹی اے نے بتایا کہ گزشتہ چھ سالوں میں ٹیلی کام سیکٹر نے 1700 ارب روپے حکومت کو دیےمگر اس رقم میں سے ٹیلی کام سیکٹر پر ایک روپیہ بھی خرچ نہیں کیا گیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ فائبرائزیشن کے بغیر فائیو جی سروسز بھی مؤثر طریقے سے نہیں چل سکیں گی۔

عوامی ایکشن کمیٹی کوٹلی نے اس صورتحال پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ انٹرنیٹ سروسز کو فوری طور پر بہتر بنایا جائے۔ انہوں نے پی ٹی اے سے مطالبہ کیا ہے کہ سیلولر کمپنیوں کو اپنی سروسز کی بہتری کا پابند بنایا جائے بصورت دیگر عوامی احتجاج کی حکمت عملی اپنائی جائے گی۔ مقامی ذرائع کے مطابق اگر مسائل حل نہ ہوئے تو آنے والے دنوں میں بڑے پیمانے پر احتجاج کا امکان ہے۔

عوام کا کہنا ہے کہ آج کے ٹیکنالوجی کے دور میں جب دنیا نئی ایجادات میں مصروف ہےاور آزاد کشمیر کے عوام بنیادی انٹرنیٹ سہولیات سے محروم ہیں۔ یہ صورتحال نہ صرف طلباء اور پیشہ ور افراد کے لیے مشکلات کا باعث بن رہی ہے بلکہ علاقے کی مجموعی ترقی میں بھی رکاوٹ ہے۔

Scroll to Top