قومی کرکٹ ٹیم آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی میں بھارت کے ہاتھوں شکست کے بعد دبئی سے خاموشی کے ساتھ اسلام آباد پہنچی۔ دبئی سے قومی ٹیم کا طیارہ سب سے پہلے لاہور پہنچا، جہاں پی سی بی کے چیئرمین محسن نقوی، بورڈ کے اہلکار اور چند دیگر افراد اترے، پھر طیار ے نے دوبارہ اڑان بھری اوراسلام آباد گیا، جہاں قومی کرکٹ ٹیم اتری۔
اس فلائٹ کی خاص بات یہ تھی کہ طیارے میں ایک غیر معمولی خاموشی تھی اور جہاز میں کھلاڑی ایک دوسرے سے بات چیت بھی نہیں کر رہے تھے۔دبئی میں بھارت کے خلاف اتوار کو یک طرفہ شکست کے بعد سب کے چہرے مرجھا ئے ہوئے اورسر جھکے ہوئے تھے۔
پی سی بی کے چیئرمین محسن نقوی جو اس سے قبل کراچی سے دبئی کے لیے خصوصی طیارے میں سفر کر کے ٹیم کے ساتھ دبئی پہنچے تھے تاہم اس فلائٹ میں ہنسی مذاق چل رہا تھا جبکہ اس سفر میں پراسرار خاموشی اور مایوسی تھی ۔
یہ بھی پڑھیں ۔چیمپئنز ٹرافی،پاکستانی ٹیم کی ناقص کارکردگی، نیوزی لینڈ کے ہاتھوں بدترین شکست
اس سے پہلے چیئرمین نے کھلاڑیوں کو دبئی میں عشائیہ پر بھی مدعو کیا تھا وہ انڈیا میچ سے ایک رات پہلے کھلاڑیوں کے حوصلے بلند کرنے کے لیے اسٹیڈیم پہنچے تھے۔ واپسی پر شکست کے بعد ایسا لگتا تھا کہ سب کچھ بدل گیا ہے ، اب رویوں میں نہ تو اتنی گرمجوشی تھی اور نہ ہی چہروں پر مسکراہٹ تھی واضح رہے کہ میزبان اور دفاعی چیمپئن پاکستان پہلے نیوزی لینڈ اور پھر بھارت کے ہاتھوں شکست کھا کر آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی سے باہر ہو گیا ہے ۔پاکستان کرکٹ ٹیم اب اپنا آخری گروپ میچ 27 فروری کو بنگلہ دیش کے خلاف راولپنڈی میں کھیلے گی۔بھارت اور نیوزی لینڈ گروپ اے سے سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر چکے ہیں۔