انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 سے قبل بنگلہ دیش کے مستقبل سے متعلق ایک اہم اور فیصلہ کن اعلان کر دیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق آئی سی سی نے پاکستان کے تمام کلیدی مطالبات تسلیم کرتے ہوئے واضح کر دیا ہے کہ بنگلہ دیش پر نہ تو کسی قسم کی پابندی عائد کی جائے گی اور نہ ہی اسے کسی جرمانے کا سامنا کرنا پڑے گا۔
اس فیصلے کے بعد کرکٹ حلقوں میں پائی جانے والی بے یقینی کی صورتحال کا خاتمہ ہو گیا ہے۔ آئی سی سی کے اس اعلان کو بنگلہ دیش کرکٹ کے لیے ایک بڑی پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے، کیونکہ اس فیصلے کے نتیجے میں نہ صرف بنگلہ دیش کو کسی تادیبی کارروائی سے محفوظ رکھا گیا ہے بلکہ مستقبل میں اسے آئی سی سی کے بڑے ایونٹس کی میزبانی دینے کی راہ بھی ہموار ہو گئی ہے۔ یہ پیش رفت خطے میں کرکٹ کے تسلسل اور استحکام کے لیے اہم سمجھی جا رہی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ٹی 20 ورلڈ کپ: پاکستان اور امریکا آج ایک بار پھر آمنے سامنے
اس پورے معاملے میں پاکستان نے آئی سی سی کے فورم پر بنگلہ دیش کے حق میں ایک مضبوط اور واضح مؤقف اپنایا۔ پاکستان کا موقف یہ تھا کہ کرکٹ جیسے عالمی کھیل کو سیاسی یا انتظامی معاملات کی وجہ سے نقصان نہیں پہنچنا چاہیے۔ پاکستان نے اس بات پر زور دیا کہ کھیل کو اتحاد، برداشت اور باہمی تعاون کی علامت کے طور پر آگے بڑھایا جانا چاہیے۔
آئی سی سی نے پاکستان کے اس جاندار اور اصولی مؤقف کو تسلیم کرتے ہوئے تمام خدشات اور افواہوں کو مسترد کر دیا۔ اس فیصلے کو کرکٹ کی بقا، تسلسل اور عالمی اتحاد کے لیے ایک مثبت قدم قرار دیا جا رہا ہے۔ کرکٹ شائقین کی جانب سے بھی اس فیصلے کو سراہا جا رہا ہے، کیونکہ اس سے عالمی کرکٹ میں استحکام اور یکجہتی کو فروغ ملنے کی امید ہے۔
مزید پڑھیں: ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ: امریکہ سمیت 8 غیر ملکی ٹیموں میں پاکستانی کھلاڑیوں کی موجودگی
ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 سے قبل آئی سی سی کا یہ فیصلہ نہ صرف خطے کی کرکٹ سیاست میں اہمیت رکھتا ہے بلکہ یہ پیغام بھی دیتا ہے کہ کھیل کو تنازعات سے بالاتر رکھنا ہی عالمی کرکٹ کے مفاد میں ہے۔




