پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں ہنڈرڈ انڈیکس 1 لاکھ 75 ہزار پوائنٹس عبور کر گیا

پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں آج کاروباری ہفتے کے تیسرے روز بھی تیزی کا رجحان برقرار رہا اور ہنڈرڈ انڈیکس نے پہلی بار ایک لاکھ 75 ہزار پوائنٹس کی تاریخی حد کو عبور کر لیا۔ کاروبار کے آغاز کے ساتھ ہی مارکیٹ میں مثبت ماحول دیکھا گیا جس کے نتیجے میں انڈیکس میں مسلسل اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

ٹریڈنگ کے دوران 500 سے زائد پوائنٹس کے اضافے کے بعد ہنڈرڈ انڈیکس ایک لاکھ 75 ہزار 29 پوائنٹس کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا، جو ملکی اسٹاک مارکیٹ کی تاریخ میں ایک اہم سنگ میل قرار دیا جا رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں جی ڈی پی میں3.71فیصد اضافہ

مارکیٹ ذرائع کے مطابق توانائی، بینکاری اور سیمنٹ کے شعبوں میں خریداری کے دباؤ نے انڈیکس کو نئی بلندیوں تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا۔ سرمایہ کاروں کا کہنا ہے کہ معاشی اشاریوں میں بہتری، حکومتی پالیسیوں میں تسلسل اور شرح سود سے متعلق مثبت توقعات نے مارکیٹ کے اعتماد کو مستحکم کیا ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ کاروباری دن کے اختتام پر ہنڈرڈ انڈیکس ایک لاکھ 74 ہزار 472 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا تھا، جس کے بعد آج کے سیشن میں یہ نیا ریکارڈ قائم ہوا۔

یہ بھی پڑھیں:سٹیٹ بینک کا یکم جنوری2026 کو ملک بھر میں بینک بند رکھنے کا اعلان

ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر موجودہ رجحان برقرار رہا تو مارکیٹ آئندہ دنوں میں مزید بلندیوں تک جا سکتی ہے، تاہم سرمایہ کاروں کو محتاط رہنے اور مارکیٹ کی صورتحال پر گہری نظر رکھنے کی ہدایت بھی دی گئی ہے۔

Scroll to Top