محسن نقوی

پی ایس ایل 11 کے میچز 23 مارچ سے شروع کریں گے ، چیئرمین پی سی بی محسن نقوی

چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) محسن نقوی نے اعلان کیا ہے کہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 11 کے میچز 26 مارچ کے بجائے 23 مارچ سے شروع کرنے پر غور کیا جا رہا ہے ۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ ملتان سلطانز اس سال پی سی بی کے زیرِ انتظام کھیلے گی اور ٹورنامنٹ کے اختتام کے بعد اس فرنچائز کی نیلامی عمل میں لائی جائے گی ۔

انہوں نے واضح کیا کہ علی ترین نے ملتان سلطانز کے لیے کافی محنت کی ہے اور اگر وہ مستقبل میں نئی ٹیم خریدنا چاہیں تو پی سی بی خوش آمدید کہے گا ۔

ٹیم کے سربراہ کا اعلان آئندہ دس دنوں کے اندر کیا جائے گا اور عارضی طور پر ٹیم کی مینجمنٹ پی سی بی خود سنبھالے گا تاکہ پیپر رولز کی مکمل پابندی یقینی بنائی جا سکے ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:الوداع ملتان سلطانز، ترین گروپ نئی پی ایس ایل ٹیم کی بڈنگ میں شامل

چیئرمین پی سی بی نے یہ اعلان بھی کیا کہ قومی ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم کو پی ایس ایل کا برانڈ ایمبیسڈر مقرر کیا گیا ہے اور وہ ٹیموں کی نیلامی کے دن آکشنر کے فرائض بھی انجام دیں گے۔ اگر تمام فرنچائزز متفق ہو گئیں تو پی ایس ایل 23 مارچ سے شروع کر دی جائے گی ۔

انہوں نے کہا کہ دو نئی ٹیموں کی فروخت کے دن پی سی بی کے لیے کامیاب ثابت ہوں گے اور توقع ہے کہ دونوں ٹیمیں اچھے مالی عوض کے ساتھ فروخت ہوں گی۔ پی ایس ایل کے دوران راحت فتح علی خان کا کنسرٹ بھی منعقد ہوگا ۔

محسن نقوی کا مزید کہنا تھا کہ عاقب جاوید کے آنے کے بعد پاکستان شاہینز اور انڈر 19 ٹیم پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔ انڈر 19 کھلاڑیوں کا کیمپ ملتان میں لگا کر انہیں بھرپور تربیت دی گئی ہے، تاکہ شاہینز اور قومی ٹیم ہر چیلنج کا مقابلہ کرنے کے قابل ہوں ۔

Scroll to Top