جدہ ایئرپورٹ پر پی آئی اے کی دو فضائی میزبان آپس میں لڑ پڑیں، ویڈیو وائرل

جدہ: پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) کی ایک پرواز کے دوران دو فضائی میزبانوں کے درمیان ہونے والی لڑائی کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی، جس کے بعد قومی ایئرلائن کی انتظامیہ نے معاملے کا سختی سے نوٹس لے لیا ہے۔

یہ واقعہ پی آئی اے کی اس پرواز سے متعلق ہے جو جدہ سے ملتان آرہی تھی۔ رپورٹس کے مطابق جھگڑا جدہ انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے ڈیپارچر لاؤنج میں پیش آیا، جہاں دونوں فضائی میزبانوں کے درمیان تلخ کلامی کے بعد ہاتھا پائی کی صورتحال پیدا ہوئی۔ واقعے کی ویڈیو وہاں موجود افراد نے بنا کر سوشل میڈیا پر شیئر کردی، جس کے بعد یہ معاملہ منظرِ عام پر آگیا۔

پی آئی اے انتظامیہ نے واقعے پر فوری ردعمل دیتے ہوئے دونوں فضائی میزبانوں کو معطل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ قومی ایئرلائن کے ترجمان کے مطابق واقعے کو سنجیدگی سے لیا گیا ہے اور نظم و ضبط کی خلاف ورزی پر دونوں فضائی میزبانوں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پی آئی اے کی نجکاری کے بعد نام اور لوگو سے متعلق اہم فیصلہ سامنے آ گیا

رپورٹ کے مطابق یہ واقعہ 23 دسمبر کو جدہ ایئرپورٹ پر پیش آیا تھا۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ معاملے کی مکمل تحقیقات جاری ہیں اور تحقیقات مکمل ہونے کے بعد ضابطے کے مطابق مزید کارروائی کی جائے گی۔

یاد رہے کہ اس سے قبل بھی پی آئی اے کو اسی نوعیت کے ایک اور واقعے کا سامنا کرنا پڑا تھا، جب گزشتہ سال پی آئی اے کے دو میل ایئرہوسٹس کینیڈا پہنچ کر سلپ ہوگئے تھے۔ دونوں فضائی میزبان اسلام آباد سے ٹورنٹو جانے والی پی آئی اے کی پرواز 772 کے ذریعے روانہ ہوئے تھے۔

کینیڈا میں سلپ ہونے والے فضائی عملے میں کیبن کریو خالد آفریدی اور فدا حسین شامل تھے۔ جب واپسی پر دونوں فضائی میزبان اپنی مقررہ پرواز پر حاضر نہ ہوئے تو پرواز کو انہیں چھوڑ کر پاکستان واپس آنا پڑا تھا۔

یہ بھی پڑھیں:پی آئی اے کی ٹورنٹو میں عملے کی گمشدگی اور سیاسی پناہ کی خبروں کی تردید

اس حوالے سے پی آئی اے کے ترجمان نے بتایا تھا کہ فضائی میزبانوں کے سلپ ہونے کے معاملے پر کینیڈا کی مقامی اتھارٹی سے رابطہ کیا گیا ہے۔ ترجمان کے مطابق تحقیقات مکمل ہونے کے بعد ضابطے کے تحت سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

Scroll to Top