سولر نیٹ میٹرنگ سے متعلق خبروں پر وضاحت سامنے آ گئی

اسلام آباد: محکمہ بجلی سے وابستہ اداروں نے واضح کیا ہے کہ نئی نیٹ میٹرنگ درخواستوں پر کسی قسم کی پابندی عائد نہیں کی گئی اور یہ سہولت بدستور جاری ہے۔ بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں (ڈسکوز) نے نیپرا کے نوٹس کے جواب میں کہا ہے کہ درخواستیں مسلسل وصول کی جا رہی ہیں، تاہم اب صارفین کو مینوئل درخواستیں جمع کرانے کی بجائے آن لائن پورٹل کے ذریعے اپلائی کرنا ہوگا۔

ڈسکوز کے مطابق آن لائن سسٹم سے صارفین کو فوری رجسٹریشن نمبر اور درخواست موصول ہونے کی تاریخ فراہم کی جاتی ہے، جس سے درخواست کی صورتحال کے بارے میں بروقت اور شفاف معلومات حاصل ہوتی ہیں۔ حکام نے بتایا کہ اس تبدیلی کا مقصد درخواست کے عمل کو زیادہ آسان، تیز اور مؤثر بنانا ہے تاکہ صارفین غیر ضروری تاخیر یا مشکلات سے بچ سکیں۔

بجلی تقسیم کار کمپنیوں کا کہنا ہے کہ آن لائن پورٹل کے متعارف ہونے کا بنیادی مقصد جدید ٹیکنالوجی کا مؤثر استعمال ہے، جس سے شفافیت میں اضافہ اور کرپشن کے امکانات میں کمی ہوگی۔ اس نظام کے ذریعے درخواستوں کا ریکارڈ محفوظ رکھنا، نگرانی کرنا اور متعلقہ مراحل پر پیش رفت کو ٹریک کرنا آسان ہو جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: سولر کی قیمت میں اچانک حیران کن کمی،عام صارف اب بھی محروم

ڈسکوز حکام نے مزید کہا کہ نئے نظام سے صارفین اور ادارے دونوں مستفید ہوں گے۔ صارفین کو بار بار دفاتر کے چکر لگانے کی ضرورت نہیں ہوگی جبکہ بجلی کمپنیوں کے لیے بھی نیٹ میٹرنگ درخواستوں کا انتظام اور جانچ پڑتال زیادہ منظم اور بہتر ہو جائے گا۔

محکمہ بجلی سے وابستہ اداروں نے عوام سے اپیل کی ہے کہ نیٹ میٹرنگ سے متعلق افواہوں پر توجہ نہ دیں اور نئی درخواستوں کے لیے مقررہ آن لائن طریقہ کار کے مطابق ہی اپلائی کریں۔ حکام نے واضح کیا کہ نیٹ میٹرنگ پالیسی میں کسی پابندی کے بجائے صرف طریقہ کار کو جدید اور سہل بنایا گیا ہے تاکہ صارفین کو بہتر سہولت فراہم کی جا سکے۔

یہ بھی پڑھیں:سولر صارفین کیلئے نیٹ میٹرنگ پالیسی تبدیل، نیا بلنگ نظام متعارف

Scroll to Top