پاکستان کی جنوبی افریقہ کے خلاف تاریخی فتح: ریکارڈز کی بھرمار

سہ ملکی ون ڈے سیریز کے اہم میچ میں پاکستان جنوبی افریقہ کو 6 وکٹوں سے شکست دے کر فائنل میں پہنچ گیاجبکہ اس میچ میں قومی ٹیم نے کئی نئے ریکارڈز قائم کیے۔

12 فروری 2025 کو نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے میچ میں جنوبی افریقہ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 5 وکٹوں کے نقصان پر 352 رنز بنائے جس کے بعداس ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی ابتدائی وکٹیں جلد گر گئیں تاہم کپتان محمد رضوان اور نائب کپتان سلمان علی آغا نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 260 رنز کی شاندار شراکت قائم کی۔ یہ پاکستان کی ون ڈے تاریخ میں چوتھی وکٹ کے لیے سب سے بڑی پارٹنرشپ ہےجس نے 2009 میں شعیب ملک اور محمد یوسف کی بھارت کے خلاف 206 رنز کی شراکت کا ریکارڈ توڑ دیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ترک صدر رجب طیب اردوان 2 روزہ دورے پر پاکستان پہنچ گئے

اس کے علاوہ یہ پہلا موقع ہے کہ پاکستان کے چوتھے اور پانچویں نمبر کے بیٹرز نے ایک ہی اننگز میں سنچریاں اسکور کیں۔ سلمان علی آغا نے 103 گیندوں پر 134 رنز بنائےجبکہ محمد رضوان 128 گیندوں پر 122 رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہے۔

پاکستان نے 353 رنز کا ہدف 4 وکٹوں کے نقصان پر 49 ویں اوور میں حاصل کیا جو ون ڈے انٹرنیشنل میں پاکستان کا سب سے بڑا کامیاب تعاقب ہے۔ اس سے قبل 2022 میں لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں پاکستان نے آسٹریلیا کے خلاف 349 رنز کا ہدف حاصل کیا تھا۔

اس شاندار فتح کے ساتھ پاکستان نے سہ ملکی سیریز کے فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے، جہاں اس کا مقابلہ 14 فروری کو نیوزی لینڈ سے ہوگا۔

Scroll to Top