بھگلپور: کانگریس کے رہنما راہول گاندھی نے بہار میں انتخابی مہم کے دوران وزیرِ داخلہ امت شاہ کے بیٹے اور بین الاقوامی کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے چیئرمین جے شاہ کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا ہے ۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق بھگلپور میں جلسۂ عام سے خطاب کرتے ہوئے راہول گاندھی نے کہا کہ “جے شاہ کو بیٹ پکڑنا تک نہیں آتا، لیکن وہ دنیا کی کرکٹ پر حکومت کر رہا ہے جو سمجھ سے بالا تر ہے ۔”
بھارتی میڈیا کے مطابق راہول گاندھی کا کہنا تھا کہ اگر آپ اڈانی ، امبانی یا امت شاہ کے بیٹے نہیں ہیں تو اس ملک میں بڑے خواب دیکھنے کی اجازت نہیں ۔
“امت شاہ کا بیٹا کرکٹ کھیلنا نہیں جانتا ، رن بنانا تو دور کی بات ، پھر بھی وہ عالمی کرکٹ کا سربراہ بنا بیٹھا ہے اور سب کچھ کنٹرول کر رہا ہے ۔ آخر کیوں؟ صرف دولت اور اثر و رسوخ کی بنیاد پر ۔”
مزید یہ بھی پڑھیں:مودی میں ہمت ہے تو بتائیں 7طیارے مار گرانے کا ٹرمپ دعویٰ جھوٹ ہے، راہول گاندھی برس پڑے
راہول گاندھی نے مزید کہا کہ آج بھارت میں کھیل، کاروبار اور دیگر بڑے شعبے چند امیر گھرانوں کے قبضے میں ہیں، جبکہ عام نوجوانوں کے لیے ترقی کے دروازے بند کر دئیے گئے ہیں ۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ مودی حکومت نے جی ایس ٹی (GST) نافذ کر کے کسانوں، مزدوروں اور چھوٹے کاروباری طبقے کے لیے مشکلات میں اضافہ کیا۔ ان کے بقول، “این ڈی اے حکومت غریبوں کی زمین چھین کر اڈانی اور امبانی جیسے سرمایہ داروں کے حوالے کر رہی ہے ۔”
مزید یہ بھی پڑھیں:بی جے پی بہار میں کتنے لاکھ جعلی ووٹ شامل کرے گی؟راہول گاندھی کے سنسنی خیز انکشافات
واضح رہے کہ بہار اسمبلی کی 243 نشستوں میں سے 122 نشستوں پر دوسرے مرحلے کا ووٹنگ 11 نومبر کو ہوگی، جبکہ نتائج کا اعلان 14 نومبر کو متوقع ہے ۔




