راولاکوٹ میں مقبول بٹ شہید چوک کا نقشہ تیار کر لیا گیا ہےاور کل ایک پروقار تقریب میں اس کی تعمیر کا سنگِ بنیاد رکھ دیا گیا ہے۔ اس موقع پر وطن دوست اتحاد کے زیر اہتمام شہید کشمیر مقبول بٹ کی برسی کے سلسلے میں ایک جلسہ منعقد ہوا، جس میں قائدین نے چوک کی تعمیر کے آغاز کا اعلان کیا۔
تفصیلات کے مطابق کل راولاکوٹ میں مقبول بٹ شہید چوک کا سنگ بنیا د رک دیا گیا،اس تقریب میں ہزاروں افراد نے شرکت کی جس میں مقبول بٹ شہید کی جدوجہد اور قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کی گئی ۔ مقررین نے اس موقع پر مقبول بٹ شہید کی فکر اور جدوجہد پر روشنی ڈالی اور جموں کشمیر کی مکمل آزادی اور خوشحال معاشرے کے قیام تک جدوجہد جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔
واضح رہے کہ مقبول بٹ شہید چوک کی تعمیر کا مقصد ان کی یاد کو زندہ رکھنا اور آنے والی نسلوں کو ان کی قربانیوں سے آگاہ کرنا ہے۔ اس چوک کی تعمیر سے راولاکوٹ شہر میں ایک نمایاں علامت کا اضافہ ہوگا، جو آزادی کی جدوجہد کی یاد دہانی کراتا رہے گا۔
اس موقع پر کشمیر کے شہروں میں احتجاجی مظاہرے اور جلسے منعقد کیے گئے، جن میں مظفرآباد، کوٹلی، ہجیرہ، باغ، میرپور، پلندری، تراڑکھل، قلعاں، بھمبر، ڈڈیال، چکسواری، تھوراڑ، دھیرکوٹ، نکیال، کھائی گلہ، فارورڈ کہوٹہ، اور خورشید آباد شامل ہیں۔ ان تقریبات میں مجموعی طور پر ہزارون مردوں، عورتوں، نوجوانوں اور بچوں نے شرکت کی۔
مقبول بٹ شہید کی برسی کے موقع پر برطانیہ میں بھارتی ہائی کمیشن لندن کے سامنے بھی وطن دوست اتحاد کے زیر اہتمام تمام آزادی پسند اور ترقی پسند تنظیموں نے احتجاجی مظاہرہ کیا، جس میں سینکڑوں تارکین وطن کشمیریوں نے شرکت کی اوروادی نیلم میں آج دوسرے روز بھی شہیدکشمیرمحمدمقبول بٹ شہید کی برسی کی تقریبات جاری ہیں ضلعی ہیڈکوارٹر اٹھمقام میں منعقدہ مرکزی تقریب میں گلگت بلتستان قانون ساز اسمبلی کے ممبر نواز خان ناجی سمیت آزاد کشمیر اور پاکستان بھر سے سیکڑوں آزادی پسند رہنماوں نے شرکت کرکے محمد مقبول بٹ شہید کو خراج عقیدت پیش کیا۔
مقبول بٹ شہید کی قربانیوں کو یاد رکھنے اور ان کے مشن کی تکمیل تک جدوجہد جاری رکھنے کا عزم کرتے ہوئے، ان تقریبات میں ایک بار پھر اس بات کا اعادہ کیا گیاکہ کشمیری عوام اپنی آزادی اور حقوق کے لیے پرعزم ہیں۔