سڈنی کرکٹ گراؤنڈ میں بھارت اور آسٹریلیا کے درمیان سیریز کے آخری ایک روزہ میچ میں بھارتی ٹیم نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے 9 وکٹ سے فتح سمیٹ لی ۔
آسٹریلیا نے 50اوور کے میچ میں بھارت کو جیت کے لیے 237 رنز کا ہدف دیا، جس کے جواب میں اوپنر شبمن گل بڑی اننگز کھیلنے میں کامیاب نہیں ہو سکے لیکن روہت شرما اور ویرات کوہلی نے زبردست شراکت داری قائم کرتے ہوئے ٹیم کو فتح دلائی ۔
38 سالہ روہت شرما نے 33 اوورز میں ایڈم زیمپا کی آخری گیند پر اپنی ون ڈے کیریئر کی 33 ویں سنچری مکمل کی، جو ان کی بین الاقوامی کرکٹ میں 50 ویں سنچری بھی ہے ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:وزیراعظم کا پاکستان اور جنوبی افریقہ کی ٹیموں کے اعزاز میں پُر تکلف عشائیہ، کرکٹ کو عوامی رابطوں کا ذریعہ قرار دیا
اس سنچری کے ساتھ وہ آسٹریلیا میں ایک روزہ کرکٹ میں سب سے زیادہ سنچریاں بنانے والے غیر ملکی کھلاڑی بن گئے ہیں ۔ اس سے پہلے یہ ریکارڈ ویرات کوہلی کے پاس 5 سنچریوں کے ساتھ تھا ۔
سابق بھارتی کپتان کی یہ آسٹریلیا کے خلاف نویں ون ڈے سنچری ہے ۔ سیریز کے پہلے میچ میں صرف 8 رنز بنانے کے بعد ان کے کھیل کے مستقبل پر سوالات اٹھائے جا رہے تھے، لیکن دوسرے میچ میں ایڈیلیڈ میں 73 رنز بنا کر انہوں نے شاندار واپسی سے ناقدین کے منہ بند کر دئیے ۔
اس میچ میں بھارتی اسٹار بیٹر ویرات کوہلی نے بھی ذمہ دارانہ انداز میں 74 رنز کی اننگز کھیل کر اپنی فارم دوبارہ بحال کرلی ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم کا نام تبدیل کرنے کی تیاری،ٹینڈرز طلب
اگرچہ آسٹریلیا نے پہلے دو ایک روزہ میچ جیت کر سیریز اپنے نام کرلی تھی، بھارت نے آخری میچ میں کامیابی حاصل کر کے کلین سوئپ سے بچاؤ کیا اور اپنے شائقین کو خوش کر دیا ۔




