پی سی بی

افغانستان کا سہ ملکی سیریز کھیلنے سے انکار ، پی سی بی کا ردعمل سامنے آگیا

افغانستان کرکٹ بورڈ نے پاکستان میں ہونے والی سہ ملکی ٹی ٹوئنٹی سیریز سے دستبرداری کا اعلان کر دیا ہے، جس کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے اپنے موقف میں کہا ہے کہ ٹورنامنٹ شیڈول کے مطابق ہی منعقد کیا جائے گا ۔

اے سی بی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ افغانستان کی ٹیم نومبر میں پاکستان میں شیڈول ٹرائی نیشن سیریز میں شرکت نہیں کرے گی۔ بیان میں فیصلے کی وجوہات تفصیل سے بیان نہیں کی گئیں تاہم ذرائع کے مطابق افغان بورڈ نے مصروف بین الاقوامی شیڈول اور کھلاڑیوں کے آرام کو بنیاد بنایا ہے ۔

افغانستان کے انکار کے بعد پی سی بی نے وضاحت کی کہ سیریز کی تیاریوں پر کوئی اثر نہیں پڑے گا ۔ ترجمان پی سی بی کے مطابق ٹرائی نیشن ٹی ٹوئنٹی سیریز اپنے شیڈول کے مطابق ہوگی اور تیسری ٹیم کے لیے مختلف آپشنز زیر غور ہیں ۔ جلد حتمی فیصلہ کر لیا جائے گا ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:ویمنز ورلڈ کپ : قومی ٹیم آج نیوزی لینڈ کیخلاف پہلی جیت کیلئے پُر اُمید

پی سی بی حکام کے مطابق سیریز کے تمام انتظامات بدستور جاری ہیں اور شائقین کو ایک دلچسپ ٹورنامنٹ دیکھنے کو ملے گا ۔ امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ کسی دوسری ایشیائی ٹیم کو شامل کر کے سہ ملکی ایونٹ کو مکمل کیا جائے ۔

یاد رہے کہ یہ ٹرائی نیشن ٹی ٹوئنٹی سیریز 17 سے 29 نومبر تک پاکستان میں شیڈول ہے ۔ سیریز میں پاکستان اور سری لنکا کی ٹیمیں پہلے ہی تصدیق کر چکی ہیں ۔ یہ ٹورنامنٹ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 کی تیاریوں کے سلسلے میں ایک اہم مرحلہ سمجھا جا رہا ہے ۔

ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ پی سی بی اس سیریز کو بین الاقوامی کرکٹ کے فروغ اور پاکستان میں کھیل کے استحکام کے لیے ایک اہم موقع کے طور پر دیکھ رہا ہے اور اس بات کو یقینی بنایا جائے گا کہ سیریز کا انعقاد کامیابی سے ہو ۔

Scroll to Top