برطانوی تخت کے ولی عہد شہزادہ ولیم نے انکشاف کیا ہے کہ ان کے تینوں بچوں کو اسمارٹ فون رکھنے کی اجازت نہیں۔
ایپل ٹی وی پلس کی ایک سیریز میں شرکت کے دوران انہوں نے بتایا کہ ان کے بچے، 12 سالہ شہزادہ جارج، 10 سالہ شہزادی شیرولیٹ اور 7 سالہ شہزادہ لوئس، فون استعمال نہیں کرتے کیونکہ وہ چاہتے ہیں کہ بچے اپنی توجہ حقیقی زندگی اور کھیلوں پر رکھیں۔
شہزادہ ولیم کا کہنا تھا کہ وہ گھر میں خاندانی ماحول کو ترجیح دیتے ہیں، اسی لیے کھانے کے دوران سب اکٹھے بیٹھ کر بات چیت کرتے ہیں اور کسی کے پاس فون نہیں ہوتا۔ ان کے مطابق وہ اس حوالے سے کافی سخت رویہ اختیار کرتے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ ان کے بچے مختلف جسمانی سرگرمیوں میں حصہ لیتے ہیں۔ لوئس کو ٹریمپولین پسند ہے، شیرولیٹ نیٹ بال کھیلنے اور رقص کرنے کی شوقین ہے، جبکہ جارج کو فٹبال اور ہاکی سے لگاؤ ہے۔ شہزادہ ولیم کا کہنا تھا کہ بچوں کو کھیلوں میں مصروف رکھنا اور انہیں باہر کی سرگرمیوں میں شامل کرنا ضروری ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ان کے بچے گریجویشن تک فون نہیں رکھ سکیں گے اور جب وہ یونیورسٹی جائیں گے یا اپنے بل خود ادا کرنے کے قابل ہوں گے تب انہیں فون رکھنے کی اجازت ہوگی۔
شہزادہ ولیم نے بتایا کہ وہ اکثر اپنے بچوں کو ونڈسر کیسل کے سینٹ جارج ہال لے جاتے ہیں، جہاں وہ دوڑ لگاتے اور کھیل کود کرتے ہیں۔ ان کے مطابق بچوں کو احساس نہیں کہ وہ کتنے خوش قسمت ہیں کہ ان کے پاس کھیلنے کے لیے وسیع اور محفوظ جگہ موجود ہے۔
شہزادہ ولیم کا کہنا تھا کہ ان کی زندگی میں خاندان سب سے زیادہ اہمیت رکھتا ہے، اور وہ بچوں کے اسکول چھوڑنے اور لینے تک کے معمولات خود انجام دیتے ہیں۔ ان کے بقول زندگی میں کام اور خاندان کے درمیان توازن قائم رکھنا نہایت ضروری ہے، تاکہ بچے خوش، صحت مند اور مستحکم ماحول میں پروان چڑھ سکیں۔
یہ بھی پڑھیں: لیفٹیننٹ جنرل عاصم ملک بدستور ڈی جی آئی ایس آئی رہیں گے