ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا ہے کہ نوجوان نسل، بالخصوص خواتین ملکی بیانیے کے تحفظ اور مثبت سوچ کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کر سکتی ہیں۔
کنیرڈ کالج فار ویمن یونیورسٹی لاہور میں ایک انٹریکٹو سیشن سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے پاکستان آرمی کی قومی دفاع میں خدمات، اندرونی و بیرونی سیکیورٹی چیلنجز اور موجودہ عالمی حالات پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے نوجوانوں کے سوشل میڈیا کے ذمہ دارانہ استعمال کی اہمیت کو بھی اجاگر کیا۔
طالبات نے ڈی جی آئی ایس پی آر کی آمد کو اپنے لیے باعثِ فخر قرار دیا اور کہا کہ اس طرح کی ملاقاتیں نوجوانوں میں قومی شعور اور حب الوطنی کے جذبے کو فروغ دیتی ہیں۔ سیشن کا ایک یادگار لمحہ اس وقت آیا جب ایک نابینا طالبہ نے ملی نغمہ پیش کیا جسے بھرپور داد دی گئی۔ ڈی جی آئی ایس پی آر نے طالبہ کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا کہ یہ مثالیں پوری قوم کے لیے قابلِ فخر ہیں۔
طالبات اور اساتذہ نے شہداء اور غازیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا جبکہ لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا کہ شہداء کی قربانیاں پاکستان کی بقاء اور سلامتی کی ضمانت ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: آئی ایم ایف کا پاکستان کو استعمال شدہ گاڑیوں کی درآمدی اسکیموں کا دوبارہ جائزہ لینےکا مشورہ
یہ دورہ نوجوانوں، خصوصاً خواتین میں قومی شعور اجاگر کرنے اور پاک فوج کے لیے اعتماد و فخر کے جذبات کو تقویت دینے کی ایک اہم کوشش تھی۔