جہلم ویلی ( عمر بھٹی راجپوت) آج 26 ستمبر کو ڈپٹی کمشنر جہلم ویلی محترمہ بینش جرال کی زیر صدارت امن و امان اور سیکیورٹی صورتحال کے حوالے سے اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں ایس پی جہلم ویلی عباس علی گردیزی، ڈی ایس پیز، اسسٹنٹ کمشنر کامران خان، افسر مال، معززین علاقہ اور مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے علمائے کرام نے شرکت کی۔
اجلاس میں ضلع کی سیکیورٹی صورتحال، امن و امان کے قیام اور عوامی تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے جامع حکمت عملی پر غور کیا گیا۔
ڈپٹی کمشنر بینش جرال نے کہا کہ عوام کی جان و مال کا تحفظ اولین ترجیح ہے، اس مقصد کے لیے علمائے کرام، سول سوسائٹی اور پولیس انتظامیہ باہمی اشتراک سے اپنی ذمہ داریاں مزید فعال انداز میں ادا کریں۔ انہوں نے ہدایت دی کہ تحصیل سطح پر ایس ڈی ایم صاحبان اور پولیس حکام قریبی رابطہ رکھیں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری ردعمل یقینی بنایا جا سکے۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ضلع کے داخلی و خارجی راستوں پر چیکنگ کو مؤثر بنایا جائے گا، مشکوک عناصر پر کڑی نظر رکھی جائے گی اور قانون کی عملداری ہر صورت میں یقینی بنائی جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں: انجمن تاجران ہٹیاں بالا نے عوامی ایکشن کمیٹی کی ہڑتال کال مسترد کردی
ایس پی جہلم ویلی عباس علی گردیزی نے کہا کہ “ہم سب کو مل کر ضلع میں امن و امان قائم رکھنا ہے، کہیں بھی راستہ بند نہیں ہونا چاہیے، جہلم ویلی کو امن کا گہوارہ بنانا ہے۔ پرامن احتجاج سب کا حق ہے لیکن کسی کو راستہ روکنے یا قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔”