بھمبر:خواتین کو ہراساں کرنے والا ہائی ایس ڈرائیور گرفتار، گاڑی ضبط

بھمبر (کشمیر ڈیجیٹل) میڈیا پر وائرل ویڈیوز کے بعد سب ڈویژنل مجسٹریٹ بھمبر نے فوری ایکشن لیتے ہوئے میرپور روڈ پر پبلک ٹرانسپورٹ ہائی ایس کے ڈرائیور کو گرفتار کرلیا۔ ملزم پر الزام ہے کہ وہ فرنٹ سیٹ پر بیٹھی خواتین کے ساتھ غیراخلاقی حرکات میں ملوث تھا، جبکہ گاڑی کو بھی پولیس نے ضبط کرلیا۔

ایس ڈی ایم بھمبر محمد عیص بیگ نے کہا کہ ڈپٹی کمشنر چوہدری حق نواز کی ہدایت پر خواتین کو تنگ کرنے، ہراساں کرنے، ذومعنی جملے یا کسی بھی نازیبا حرکت کے مرتکب افراد کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ پولیس اور ٹریفک پولیس کو ہدایت دی گئی ہے کہ میرپور، گجرات، بھمبر تا چوکی سماہنی اور برنالہ روٹ پر چلنے والی گاڑیوں کے ڈرائیوروں کے لائسنس اور ذہنی کیفیت کی رپورٹ تیار کریں تاکہ ایسے عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لایا جاسکے۔

انہوں نے اعلان کیا کہ متعلقہ ڈرائیور کے خلاف ضابطے کے تحت کارروائی کی جارہی ہے اور آئندہ سکول و کالج بسوں سمیت تمام پبلک ٹرانسپورٹ پر مزید کڑی نگرانی رکھی جائے گی تاکہ ایسے واقعات کا سدباب ہو سکے۔ ایس ڈی ایم نے عوام سے اپیل کی کہ کسی بھی شکایت کی صورت میں فوری اطلاع دیں۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان کی پہلی رینج ایکسٹینڈڈ ہائبرڈ SUV دیپال SO5، جلد لانچ ہونے والی ہے!

Scroll to Top